میرکل دوسری مدت کے لئے جرمن چانسلر منتخب
28 اکتوبر 2009ووٹنگ میں ایوان زیریں میں کل 622 ممبران میں 612 نے حصہ لیا اور ان میں سے 323 ارکان نے میرکل کے حق میں ووٹ دیا۔ یہ تعداد میرکل کو درکار ووٹوں سے گیارہ ووٹ زیادہ ہے۔
مخلوط حکومت میں میرکل کی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین CDU، جنوبی صوبے باویریا میں CDU کی حلیف پارٹی CSU اور آزاد تجارت کی حامی فری ڈیموکریٹک پارٹی FDP شامل ہیں۔
جرمنی میں ستائیس ستمبر کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں CDU، CSU اور FDP کو ملنے والے ووٹ حکومت سازی کے لئے کافی تھے۔ پچھلی مرتبہ میرکل کو اپنی حریف جماعت سوشل ڈیموکریٹک یونین SPD کے ساتھ مل کر وسیع تر مخلوط حکومت بنانا پڑی تھی، جو میرکل کے لئے ایک مشکل دور حکومت ثابت ہوا۔
55 سالہ انگیلا میرکل 2005 میں جرمن چانسلر منتخب ہوئیں تھیں۔ وہ جرمنی کی پہلی خاتون چانسلر ہیں۔
میرکل نے اپنی ترجیحات میں عالمی مالیاتی بحران کے یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی پر پڑنے والے اثرات سے نجات کو سب سے اہم ترجیح قرار دیا ہے۔ میرکل نے فری ڈیموکریٹس کے ساتھ حکومت سازی کے معاہدے میں اربوں یورو کی ٹیکس چھوٹ کا وعدہ بھی کیا ہے حالانکہ مالیاتی بحران کے شدید اثرات سے دوچار جرمن معیشت اور بڑھتے ہوئے بجٹ خسارے کے تناظر میں یہ اب تک واضح نہیں کہ ان وعدوں کی تکمیل کیسے ممکن ہو پائے گی۔
خود انگیلا میرکل کی جماعت میں بھی حکومت سازی کے لئے فری ڈیموکریٹس کے ساتھ طے پانے والے معاہدے پر تحفظات پائے جاتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں پارلیمان میں سادہ اکثریت کی حامل نئی جرمن حکومت کے لئے قانون سازی بھی آسان نہیں ہوگی۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : عدنان اسحاق