میتھیو کی قیامت، ہیٹی میں تباہی، ہلاکتیں 900 کے قریب
8 اکتوبر 2016بحر اوقیانوس سے اٹھنے والا کیٹگری چار کا طاقتور طوفان میتھیو منگل چار اکتوبر کو کیریبیئن ملک ہیٹی کے جنوبی مغربی ساحلی علاقے سے ٹکرایا تھا۔ جس کے باعث کم از کم دس گھنٹوں تک موسلا دھار بارش اور 233 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے جھکڑوں نے مکانات تباہ کر دیے اور کھیتوں کو اجاڑ دیا تھا۔
اِس ملک کے تیسرے بڑے شہر لاکَیز کے علاوہ ڈیم میری اور گراں انیس کے کئی قصبوں کو مکمل تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان قصبات کے رہائشیوں نے دو تین دن انتہائی لاچارگی میں بسر کیے۔ تباہ شدہ علاقوں سے نعشیں اور ملبے تلے دبے انسانوں کو ڈھونڈنے کا عمل جاری ہے۔ حکام کے مطابق اب تک ہلاکتوں کی تعداد 877 تک پہنچ چکی ہے۔
ان تباہ شدہ علاقوں تک امدادی ٹیموں کی مکمل رسائی سات اکتوبر بروز جمعہ سے پوری طرح شروع ہوئی۔ اِن ٹیموں کے پہنچنے کے بعد سے اصل صورت حال کی تفصیلات سامنے آنا شروع ہوئی ہیں۔ امدادی ٹیموں کی تاخیر کی وجہ متاثرہ علاقوں تک پہنچنے کے راستے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونا تھے۔ بھورے رنگ کا کیچڑ بڑے بڑے قصبوں پر پھیلا ہوا ہے۔ بے شمار علاقے بغیر بجلی اور ٹیلی فون کے ہیں۔ لوگ اپنے ملکی دارالحکومت پورٹ او پرنس سے کٹے ہوئے ہیں۔
سیلاب اور لینڈ سلائڈنگ راستوں میں رکاوٹوں کی طرح موجود ہیں۔ ہیٹی کے وزیر داخلہ انیک جوزف کا کہنا ہے کہ تباہ شدہ علاقوں میں اتنی جگہ میسر نہیں کہ ہیلی کاپٹر کو بھی اتار جا سکے کیونکہ کیچڑ ہر جگہ موجود ہے۔ فضائی معائنے سے دکھائی دیتا ہے کہ گاؤں کے گاؤں اجڑ چکے ہیں۔ راستوں کی بحالی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
دریاؤں میں بھی بلند پانی کی سطح گرنا شروع ہو گئی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اسی فیصد کھڑی فصلیں طوفان کی نذر ہو گئی ہیں۔ اسی طرح سیلاب کے بعد سے مچھروں کی افزائش شروع ہو گئی ہے اور ملیریا کی وبا پھیلنا شروع ہو گئی ہے۔ ڈیڑھ درجن افراد ملیریا بخار میں مبتلا بتائے گئے ہیں۔
دارالحکومت پورٹ او پرنس سے اب بحری جہازوں پر امدادی سامان کی ترسیل شروع کر دی گئی ہے۔ امریکی صدر نے اپنی عوام کو کہا ہے کہ وہ ہیٹی کی عوام کے لیے امداد اکھٹی کرنے کا عمل شروع کریں۔ اقتصادی طور پر پریشان وینزویلا نے بھی ہیٹی کے لیے ادویات، کمبل، خیمے، پینے کا پانی اور ملبہ ہٹانے کی مشینری روانہ کی ہے۔