مہاجرین کے معاملے پر یورپی انتخابات فیصلہ کن، اوربان
24 اکتوبر 2018انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے رہنماؤں نے دانستہ طور پر بہت بڑی تعداد میں تارکین وطن کو یورپی یونین میں داخل ہونے سے روکنے میں کوتاہی برتی اور ان کا مقصد ایک ’یورپی سلطنت‘ کا قیام ہے، تاکہ اس بلاک میں شامل ریاست کو دبایا جا سکے۔ انہوں نے یورپی ووٹروں سے کہا کہ وہ ’عالم گیریت‘ کو مسترد کر دیں اور ’حب الوطنی‘ کا ساتھ دیں۔
رواں برس اسپین پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ
مہاجرین کو افریقی بندرگاہوں پر اتارنے کی تجویز قبول نہیں، لیبیا
1956 کے مختصر سوویت مخالف انقلاب کی یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اوربان نے کہا، ’’مئی میں یورپی پارلیمان کے انتخابات یہ طے کریں گے کہ یورپ کی گاڑی کس سمت میں سفر کرے گی۔ ہمیں عالم گیریت کے نظریے کو مسترد کر کے اس کی جگہ حب الوطنی کی ثقافت کو فروغ دینا چاہیے۔‘‘
انہوں نے اس تقریب سے خطاب میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ تارکین وطن اب بھی یورپ کا رخ کر رہے ہیں اور ’یورپی شہری اپنے ہی خطے میں اقلیت‘ بن جائیں گے۔ انہوں نے کہا، ’’بڑے شہروں میں دہشت عام افراد کی زندگیوں کو حصہ بن جائے گی۔‘‘
انہوں نے یورپی رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا، ’’وہ جو یورپی یونین کے آڑ میں یورپی سلطنت قائم کرنا چاہتے ہیں، وہ بلاتخصیص تمام کے تمام تارکین وطن کے حامی ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’ان رہنماؤں نے جان بوجھ کر فوج یا پولیس کی قوت کا استعمال نہیں کیا، جس سے یورپ کو تارکین وطن کی اس بہت بڑی تعداد سے بچایا جا سکتا۔‘‘
واضح رہے کہ سن 2015 سے وکٹور اوربان مہاجرین کے خلاف سخت اور متنازعہ بیانات دیتے آئے ہیں اور یہ معاملہ ان کے ہاں ایک بنیادی سیاسی موقف بن چکا ہے۔ اسی تناظر میں رواں برس اپریل میں ہونے والے انتخابات میں ان کی جماعت نے پارلیمان میں دو تہائی اکثریت بھی حاصل کی تھی۔
یہ بات اہم ہے کہ ہنگری ان چند یورپی ممالک میں شامل ہے، جو یورپی کمیشن کے اس منصوبے کو یک سر مسترد کرتا ہے، جس کے تحت مہاجرین سے زیادہ متاثرہ ممالک یونان اور اٹلی کا بوجھ بانٹنے کے لیے مہاجرین کی دیگر یورپی ریاستوں میں آباد کاری کا کہا گیا تھا۔
ع ت، ع ح (روئٹرز، اے ایف پی، اے پی)