1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجر تو کوئی بھی ہو سکتا ہے، چینی فلم ساز کا پیغام

عاطف بلوچ، روئٹرز
23 فروری 2017

چینی فنکار اور فلم ساز آئی وائی وائی نے 22 ممالک میں مختلف مہاجرین مراکز میں فلم بندی کی، تاکہ اس معاملے کی حساسیت کو دنیا تک پہنچایا جائے۔

https://p.dw.com/p/2Y7DH
Top Ten Art Review Power 100 Ai Weiwei
تصویر: picture-alliance/dpa/R. De Waal

آئی وے وے نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یورپ کی عوامیت پسند پارٹیوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مہاجر ’کوئی بھی ہو سکتا ہے۔ آپ بھی اور میں بھی۔‘

یورپ کی متعدد عوامیت پسند جماعتیں مہاجرین اور تارکین وطن کے لیے سرحدوں کی بندش پر زور دے رہی ہیں اور مختلف واقعات کے الزامات مہاجرین پر عائد کر کے اپنی مقبولیت میں اضافہ کرتی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی مہاجرین کے خلاف سخت پالیسی اختیار کر رکھی ہے اور وہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار کھڑی کرنے کے اعلانات کرتے آئے ہیں۔

آئی وے وے ماضی کی جنگوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ہجرت کی ضرورت کسی کو بھی پیش آ سکتی ہے۔ ’’مہاجرین کا بحران اصل میں انسانی بحران ہے۔‘‘

آئی اور ان کی ٹیم نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران 22 ممالک میں مہاجرین کے مراکز اور ایسی دیگر جگہوں کی فلم بندی کی ہے۔ اس فلم میں میکسیکو اور امریکا کر سرحد کی صورت حال، ترک شامی سرحد کی حالت اور یونانی جزائر پر موجود تارکین وطن سب شامل ہیں۔

World Press Photo Awards 2017 World Press Photo Awards 2017 - Contemporary Issues - Contemporary Issues - Third Prize, Singles -  Daniel Etter - The Libyan Migrant Trap
دنیا کو مہاجرین کے ایک بڑے بحران کا سامنا ہےتصویر: Reuters/World Press Photo Foundation/D. Etter

اس طویل فلم بندی کے بعد برلن میں اپنے اسٹوڈیو پہنچنے والے آئی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات چیت میں کہا کہ وہ اس تمام ویڈیو ریکارڈنگ کے ذریعے ’ہیومن فلو‘ یا ’انسانی بہاؤ‘ کے نام سے ایک دستاویزی فلم بنائیں گے، جو رواں برس سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کر دی جائے گی۔

59 سالہ آئی نے کہا، ’’یہ معاملہ ان افراد کو اور زیادہ حساسیست سے سمجھنا چاہیے، جو پرامن مقامات پر رہ رہے ہیں۔ امن ہمیشہ سے ایک عارضی چیز ہے، کوئی یہ ضمانت نہیں دے سکتا کہ امن ہمیشہ قائم رہے گا۔‘‘

آئی نے مزید کہا، ’’اگر آپ آج کی دنیا کی حالت دیکھیں، تو جان جائیں گے کہ جنگ کسی بھی لمحے شروع ہو سکتے ہیں۔ ہماری سیاست غیریقینی کی صورت حال کا شکار ہے اور بہت سے سوالات ہیں، جن کے جوابات موجود نہیں۔‘‘

آئی نے موجود امریکی صورت حال کو ’انتہائی تشویش ناک‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ  امریکا کئی اعتبار سے پچھے کی جانب سفر کر رہا ہے، کیوں کہ صدر ٹرمپ پوری پوری برادریوں پر ’دہشت گردی یا منشیات کے بیوپاری کا ٹھپا‘ لگانے میں مصروف ہیں۔