مکاؤ کی ’عالمی سطح پر تسلیم شدہ کامیابی‘ کا خیر مقدم
18 دسمبر 2024مکاؤ سے ملنے والی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے بدھ کے روز شہر مکاؤ پہنچنے پر اس شہر کی ''عالمی سطح پر تسلیم شدہ کامیابی‘‘ کا خیرمقدم کیا۔
دنیا بھر میں کیسینو حب کی حیثیت رکھنے والے شہر مکاؤ پر بیجنگ کی حکمرانی کے 25 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ مکاؤ سابق پرتگالی کالونی ہے جو 20 دسمبر 1999 کو ''ایک ملک، دو نظام‘‘ کے فریم ورک کے تحت چین کے حوالے کیا گیا تھا۔ اس فریم ورک کے تحت اس شہر کو مین لینڈ چائنا یا چینی سرزمین سے زیادہ خود مختاری اور وسیع تر شہری آزادیوں کا وعدہ کیا گیا تھا۔
شی کا مکاؤ میں استقبال
چینی صدر بدھ کی سہ پہر مکاؤ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترے جہاں ان کا استقبال شہر کے موجودہ اور آنے والے رہنماؤں نے کیا۔ اس موقع پر شی جن پنگ نے مکاؤ کے فریم ورک کے نفاذ کی تعریف کی۔ شی نے کہا، ''گزشتہ 25 سالوں میں 'ایک ملک، دو نظام‘ کے اصول پر قائم مکاؤ کی خصوصی حیثیت نے عالمی سطح پر تسلیم شدہ کامیابی حاصل کی ہے، اور یہ جاندار اور منفرد اپیل کا مظہر بن گیا ہے۔‘‘
چینی شہر مکاؤ میں ایفا ایوارڈز
چینی صدر نے مکاؤ کا آخری دورہ سن 2019 ء میں کیا تھا۔ بُدھ سے اپنے تازہ ترین دورے کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس دورے کو اپنے ہم وطنوں کے ساتھ سالگرہ منانے اور مکاؤ کی ''نئی پیش رفت اور تبدیلیوں‘‘ کا معائنہ کرنے کے لیے استعمال کریں گے۔ شی جن پنگ کا کہنا تھا،''اگلے چند دنوں میں، میں ارد گرد جاؤں گا اور دیکھوں گا اور ہر جگہ اپنے دوستوں کے ساتھ تبادلہ خیال کروں گا، نیز مکاؤ کی ترقی کے منصوبوں پر بات کروں گا۔‘‘
مکاؤ شہر کی انفرادیت
یہ شہر چین میں وہ واحد جگہ ہے جہاں کیسینو یعنی جوئے کی اجازت ہے۔ چینی عملداری والا یہ شہر طویل عرصے سے مشہور زمانہ امریکی کیسینو لاس ویگاس کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا نمبر ون کیسینو مرکز بن گیا ہے، جس میں چینی شائقین نے دو دہائیوں سے خطیر رقوم خرچ کیں اور اس شہر کی معاشی ترقی میں اضافہ ہوا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی سنہوا نے رپورٹ کیا کہ شی اپنے دورے کے دوران مکاؤ کی نئی انتظامیہ کے افتتاح میں شرکت کریں گے اور '' شہر کا معائنہ بھی کریں گے۔‘‘
شہر مکاؤ نے رواں سال کے صرف پہلے 10 مہینوں میں 29 ملین سے زیادہ سیاحوں کی ریل پیل دیکھی، اس کے مقابلے میں اس کی مقامی رہائشی آبادی 687,000 ہے۔
مکاؤ میں معروف فنکاروں کی یادگاری اشیاء کا نیلام
ماہرین نے اے ایف پی کو بتایا کہ مکاؤ کے اقتصادی تنوع اور چین کے علاقائی بلیو پرنٹ میں انضمام، جسے ''گریٹر بے ایریا‘‘ کا نام دیا گیا ہے، ممکنہ طور پر شی کے دورے کے دوران زیر بحث آنے والے اہم موضوعات ہوں گے۔
ایک کیسینو کنسلٹنٹ بن لی نے اے ایف پی کو بتایا کہ شی غالباً مکاؤ میں غیر گیمنگ سرمایہ کاری کا معائنہ کرنا چاہیں گے جن کا مکاؤ کے مراعات دہندگان نے دو سال قبل وعدہ کیا تھا۔
مکاؤ پر کورونا وبا کے اثرات
ایک ریٹائرڈ ٹیچر چیونگ نے بھی چینی صدر کے مکاؤ کے دورے پر اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا تاہم اے ایف پی کو ایک بیان دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مکاؤ کے بارے میں ان کا نقطہ نظر مثبت ہے، حالانکہ یہ ابھی تک کورونا کے اثرات سے مکمل طور پرباہر نہیں نکل پایا ہے۔
چینی جزیرہ مکاؤ: کسینوز ورلڈ اور امریکی تفتیشی عمل
چیونگ نے نوجوانوں کے لیے نقل و حمل اور رہائش کے مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے اے ایف پی کو بتایا،'' شی کو مکاؤ کی مثبت شکل اوراچھا پہلو دکھایا جانا چاہیے لیکن بہت سی وہ چیزیں بھی دکھائی جانی چاہییں جنہیں بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ مکاؤ میں بہت سے لوگوں کو رہنے کے لیے جو ماحول میسر ہے وہ ''معیار کے اعتبار سے مثالی سے کم ہے۔‘‘
ک م/ ع س(اے ایف پی)