موسم سرما ميں اسلام آباد کے رنگ
سياسی سرگرميوں کے درميان اسلام آباد کا حسن اکثر نظر انداز ہو جاتا ہے۔ ديکھنے والے کی نگاہ سے ديکھا جائے تو موسم خواہ کوئی بھی ہو اسلام آباد دلکش مناظر سے بھرا ہوا ہے۔ ملاحضہ فرمائيے موسم سرما ميں اس شہر کے رنگ۔
چنار کا درخت، سحر انگیز منظر
دلکش سرخ پتوں کی وجہ سے مشہور، یہ چنار کا درخت اسلام آباد کے فاطمہ جناح پارک میں موجود ہے۔ ہرے پیڑوں کے درمیان اس کا رنگ منظر کو سحر انگیز بنا رہا ہے۔ تنا پتلا سا لیکن شاخوں کا پھیلاؤ اور پتوں کی کثرت اس کے حسن کو دو آتشہ کر رہے ہیں۔
موتیوں کی طرح چمکتے پھول
قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کی مرکزی شاہراہ مال روڈ کے نام سے مشہور ہے۔ اس پر چلتے ہوئے جیسے ہی ایم فل ہاسٹل کی طرف آئیں یہ بیل قدم روک لیتی ہے۔ سفید رنگ کے یہ پھول دھوپ میں موتیوں کی طرح چمکتے ہیں۔ یہ اس کثرت سے ہیں کہ پتوں کا ہرا رنگ بمشکل کہیں کہیں سے جھلک دکھلا پاتا ہے۔
سرخ گلاب کی رونقيں
يہ سرخ گلاب کا موسم تو نہیں مگر اسلام آباد کا دامن اِن سے خالی بھی نہیں۔ کہیں کہیں ہری ٹہنیوں پران کی بہار دکھ ہی جاتی ہے۔ یہ جنگلی گلاب ہے جسے پھول بیچنے والے توڑ لے جاتے ہیں اور پھر مصنوعی خوشبو چھڑک کر گجرے بناتے اور بیچتے ہیں۔
سفید گلاب بھی کم سحر انگیز نہیں
سرخ گلاب تو بہت مشہور ہیں مگر سفید گلاب بھی کم سحر انگیز نہیں۔ یہ جنگلی گلاب ہیں جن کی خوشبو نہیں ہوتی مگر ديکھنے میں انتہائی بھلے لگتے ہیں۔ درمیان میں ہلکی پیلی رنگت اس کا چمکتا ہوا سفید رنگ مزید نمایاں کر دیتی ہے۔
دیکھنے میں خوبصورت لیکن خوشبو سے خالی
قائد اعظم یونیورسٹی میں ایک دلکش بیل، جس پر کھلے جامنی پھول جادوئی منظر تخلیق کر رہے ہیں۔ بیل عام طور پر پتلی اور لمبی ہوتی ہے۔ یہ بوگین ویلا کی قسم سے ہے۔ انہیں کاغذی پھول بھی کہتے ہیں یعنی دیکھنے میں خوبصورت لیکن خوشبو سے خالی۔
گلزار نے کسی ایسے ہی راستے کو ’ریشمی‘ کہا ہو گا
پت جھڑ کے موسم میں اسلام آباد کے راستے پتوں سے ڈھکے ہوتے ہیں۔ تارکول کی سڑکوں والے شہر میں ان رستوں پر چلنا آپ کو کسی اور دنیا میں پہنچا دیتا ہے۔ گلزار نے کسی ایسے ہی راستے کو ’ریشمی‘ کہا ہو گا۔
خزاں میں بہار کا رنگ
دور سے دیکھیں تو یہ پھول سرخ مرچ جیسے لگتے ہیں۔ یہ خزاں میں بہار کا رنگ ہیں۔ خوشبو نہیں لیکن دیکھنے میں خوشنما۔ یہ قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں داخل ہوتے ہی ہمارا استقبال کرتے ہیں۔
جاسمین گارڈن میں گیندے کے خوبصورت پھول
اسلام آباد کے روز اینڈ جاسمین گارڈن میں گیندے کے خوبصورت پھول۔ ہندوستان میں یہ پھول مقدس تصور کیے جاتے ہیں۔ گزشتہ برس کراچی میں پہلی بار گیندے کے سفید پھول تیار کیے گئے۔ جنوری کے آخر میں جب پیلے اور زرد پھول مرجھا چکے ہوں گے تب یہاں سفید گیندا اپنی بہار دکھائے گا۔
چنار کے درخت
اسلام آباد کی شاہراہِ دستور پر خزاں رسیدہ درخت ایک قطار میں کھڑے ہیں۔ یہ چنار کے درخت ہیں، پتے پہلے سرخ تھے، اب زردی کا رنگ نمایاں ہے۔ یہ گرتے رہیں گے اور کچھ وقت میں خالی ہو جائیں گے۔ پھر نئی کونپلیں اور نیا جوبن۔
غروب آفتاب کا منظر
اسلام آباد میں رملی کے مقام پر پہاڑوں کے درمیان غروب آفتاب کا منظر۔ گول ٹکی جیسا سورج اور لال امبر، سبز جھاڑ جھنکار، ہلکے پیلے درخت اور ان کے درمیان گھر بہشت کا ٹھکانہ معلوم ہوتا ہے۔ ایسا لگتا ہے خزاں پہاڑوں پر پھیلے سبزے کے سامنے بے بس ہے۔