1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مودی کابینہ میں اہم ردّو بدل

جاوید اختر، نئی دہلی
7 جولائی 2021

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے چار نئے گورنروں کی تقرری اور چار کے تبادلے کے علاوہ ایک نئی وزارت کے قیام کے اعلان کے ساتھ ہی بدھ سات جولائی کو اپنی کابینہ میں اہم ردّو بدل کے لیے ماحول تیار کرلیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3w8gb
Indien Vereidigung neues Kabinett von Premierminister Narendra Modi
دوسری مرتبہ وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نریندرمودی کابینہ میں یہ پہلی  ردّو بدل ہےتصویر: PIB Govt. of India

سن 2019 میں دوسری مرتبہ وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نریندرمودی کابینہ میں یہ پہلی  ردّو بدل ہے۔ حکومت کو درپیش متعدد مسائل، سیاسی اور انتظامی چیلنجز نیز آئندہ انتخابات کے  تناظر میں اس اقدام کو کافی اہم قرار دیا جارہا ہے۔ اس میں حکمراں بی جے پی کی مد د کرنے کے لیے کئی رہنماؤں کو 'انعام‘  ملنے کی امید ہے۔

گوکہ حکومت کی جانب سے کابینہ میں  ردّو بدل کے بارے میں ابھی باضابطہ کوئی بیان نہیں آیا ہے کہ اس کا اعلان کب ہوگا لیکن متعدد سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ سات جولائی کو شام چھ بجے یہ اعلان متوقع ہے۔

بھارتی تاریخ کی سب سے 'نوجوان وزارت‘

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آج کے  ردّو بدل کے بعد مودی کابینہ بھارت کی تاریخ میں اب تک کی سب سے ”نوجوان وزارت" ہوگی۔ سیاسی مصلحت اور ضرورت کی وجہ سے نئی کابینہ میں پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد زیادہ ہوگی، خواتین وزراء کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا اور انتظامی تجربہ رکھنے والو ں کو خصوصی نمائندگی دی جائے گی۔

حکومتی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ترمیم شدہ کابینہ میں ”پی ایچ ڈی، ایم بی اے، پوسٹ گریجویٹ اور دیگر پروفیشنلز" کو شامل کیا جائے گا تاکہ  تعلیمی سطح کے اوسط کو بہتر بنایا جاسکے۔

چونکہ سن 2024 میں عام انتخابات ہوں گے جبکہ اگلے سال سیاسی لحاظ سے سب سے اہم ریاست اترپردیش سمیت پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں، اس لیے ریاستوں کی نمائندگی کا بھی خیال رکھا جائے گا۔ بھارت میں وفاقی وزارتوں کی تقسیم میں ذات پات اور ریاستوں کی نمائندگی بہت بڑا مسئلہ رہتا ہے۔

Indien Jyotiraditya Scindia
کانگریس کے سابق مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا گزشتہ برس کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوگئے تھےتصویر: imago images/Hindustan Times

کچھ لوگوں کو انعام بھی ملے گا

 کابینہ کی  ردّو بدل میں ان رہنماؤں کو انعام ملنے کی امید ہے جنہوں نے حالیہ عرصے میں ہندو قوم پرست جماعت کو سیاسی لحاظ سے مستحکم کرنے میں اپنا 'کردار‘ ادا کیا ہے۔

کانگریس کے سابق مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا گزشتہ برس مارچ  میں کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے۔ جس کے بعد مدھیہ پردیش کے ان کے گروپ کے کئی ممبران اسمبلی بھی بی جے پی میں شامل ہوگئے اور اس کی وجہ سے وہاں کانگریس کی ریاستی حکومت اکثریت سے محروم ہوگئی اور بی جے پی نے دوبارہ اپنی حکومت بنالی۔

سندھیا من موہن سنگھ حکومت میں وزیر تھے۔ انہیں بی جے پی کو مدھیہ پردیش میں دوبارہ اقتدار میں واپس لانے میں اپنا 'کردار‘ اداکرنے کے بدلے میں بطور انعام وزیر بنائے جانے کی خبریں ہیں۔

 اس سال شمال مشرقی ریاست آسام میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ہمنتا بسوا سرما کو وزیر اعلی بنائے جانے سے 'دل گرفتہ‘ سابق وزیر اعلٰی سربانند سونووال کو مرکزی حکومت میں جگہ ملنے کے اندازے لگائے جارہے ہیں۔ مہاراشٹرکی سیاسی اہمیت اور وہاں اپوزیشن کی حکومت کے مدنظر ریاست کے سابق وزیر اعلی نارائن رانے کو بھی وزیر بنانے کی قیاس آرائیاں ہیں۔

Indien Premierminister Narendra Modi
بھارت میں وفاقی وزارتوں کی تقسیم میں ذات پات اور ریاستوں کی نمائندگی بہت بڑا مسئلہ رہتا ہےتصویر: Ians

نئی وزارت کی تشکیل

کابینہ میں ردّو بدل سے قبل وزیر اعظم مودی نے وزرات امداد باہمی کے نام سے ایک نئی وزارت کے قیام کا اعلان کیا۔

ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی وزارت ملک میں امداد باہمی کی تحریک کو علیحدہ انتظامی، قانونی اور پالیسی فریم ورک فراہم کرنے میں مدد کرے گی۔ تاہم ابھی اس وزارت کی مزید تفصیلات اور اس کے مکمل دائرہ کار کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔

مودی کے دوسری مرتبہ اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ دوسری نئی وزارت ہے۔ اسے قبل انہوں نے 'جل شکتی‘ (آبی طاقت) کی وزارت قائم کی تھی۔ حالانکہ اسے سابقہ دو وزارتوں کو ملا کر ایک نئی وزارت میں تبدیل کیا گیا تھا۔

امداد باہمی کی وزارت کے قیام کے ساتھ ہی مرکز میں 41 وزارتیں ہوجائیں گی۔ ان کے علاوہ متعدد محکمے اور تنظیمیں بھی مرکزی وزارت کے تحت کام کرتی ہیں۔

Varanasi  Narendra Modi Indien
آئندہ انتخابات کے تناظر میں کابینہ میں ردّو بدل کو کافی اہم قرار دیا جارہا ہےتصویر: IANS

نئے گورنروں کی تقرری

کابینہ میں ردّو بدل سے قبل منگل کی شام کو وزیراعظم مودی نے چار نئے گورنروں کا اعلان کیا جبکہ چار دیگر گورنروں کا دوسری جگہ تبادلہ کردیا گیا۔

مرکزی وزیر تھاور چند گہلوت کو وزارت سے فارغ کرکے گورنر بناکر کرناٹک بھیج دیا گیا ہے۔ گہلوت راجیہ سبھا کے رکن ہیں۔ اور انہیں گورنر بنائے جانے سے حال ہی میں ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے میں شامل ہونے والے دنیش ترویدی یا کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے جیتن پرساد کوراجیہ سبھا کی رکنیت یا وزارت ملنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں