ممتاز قادری کی نماز جنازہ کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ
1 مارچ 2016سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو قتل کرنے کے جرم میں گزشتہ روز پھانسی پانے والے ممتاز قادری کی نماز جنازہ آج راولپنڈی میں ادا کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر راولپنڈی اور اسلام آباد میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور تمام اسکول اور تعلیمی ادارے بند رکھے گئے ہیں۔ ایک پولیس افسر اشفاق تارڑ کے مطابق یہ اقدامات ممتاز قادری کے حامیوں کی طرف سے کسی ممکنہ احتجاج کے تناظر میں کیے گئے ہیں۔ قادری گورنر سلمان تاثیر کی سکیورٹی پر متعین ایلیٹ پولیس کا اہلکار تھا جس نے توہین مذہب کا الزام عائد کرتے ہوئے 2011ء میں گورنر کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔ ممتاز حسین قادری کی سزائے موت کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواستیں اور پھر پاکستانی صدر ممنون حسین کی طرف سے رحم کی اپیل مسترد کیے جانے کے بعد قادری کو پیر 29 فروری کی صبح راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پھانسی دے دی گئی تھی۔ قادری کی نماز جنازہ کے موقع پر راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہزاروں سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔