مصر کے بھارت کے ساتھ تعلقات دن بہ دن مضبوط ہوتے ہوئے
26 جون 2023اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ دونوں ملک اپنے باہمی تعاون کو مزید بڑھائیں گے اور وقتاً فوقتاً بات چیت بھی کرتے رہیں گے۔ قبل ازیں نریندر مودی نے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت کا سالانہ حجم پانچ برسوں تک 12 بلین ڈالر تک بڑھانے کے لیے تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔ دونوں حکومتوں نے زراعت، آثار قدیمہ اور نوادرات کے شعبوں میں بھی تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی ہفتے کے روز دو روزہ دورے پر قاہرہ پہنچے تھے۔ یہ دورہ ایک ایسے وقت پر کیا گیا، جب چھ ماہ قبل ہی مصری صدر کو بھارت کے ریپبلک ڈے کے موقع پر بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا۔
مصر اور بھارت کے درمیان گہرے تعلقات ہیں، جو 1950 کی دہائی سے چلے آ رہے ہیں۔ تب ان دونوں ملکوں نے ''ناوابستہ ممالک کی تحریک‘‘ کی بنیاد رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ ناوابستہ یا غیر وابستہ ممالک کی تحریک کا مقصد ایسے ممالک کا ایک فورم بنانا تھا، جو کسی بھی سپرپاور کے ساتھ منسلک نہ ہوں۔
بھارت میں یوم جمہوریہ تقریبات، مصری صدر مہمان خصوصی
السیسی سے ملاقات کے بعد بھارتی وزیر اعظم مودی نے قاہرہ کی تاریخی الحکیم مسجد کا دورہ بھی کیا۔ اس مسجد کی حال ہی میں بھارتی داؤدی بوہرہ کمیونٹی کی مدد سے تزئین و آرائش کی گئی ہے۔ نریندر مودی گزشتہ بیس سال سے بھی زیادہ عرصے کے دوران مصر کا سرکاری دورہ کرنے والے پہلے بھارتی وزیر اعظم ہیں۔ نریندر مودی نے مصری رہنما کو بیس ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے گروپ جی ٹوئنٹی کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی، جس کی میزبانی بھارت ستمبر میں کرے گا۔
بھارتی وزیر اعظم نے ان ہندوستانی فوجیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا، جو پہلی عالمی جنگ کے دوران ہلاک ہوئے اور جنہیں قاہرہ کے ہیلیوپولس نامی جنگی قبرستان میں دفنایا گیا تھا۔ نریندر مودی نے نئی دہلی روانہ ہونے سے پہلے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں لکھا، ''میرا مصر کا دورہ تاریخی تھا۔ اس سے بھارت اور مصر کے تعلقات میں نئی قوت پیدا ہو گی اور ہماری قوموں کو فائدہ پہنچے گا۔‘‘
گزشتہ برس ستمبر میں بھارتی وزیر دفاع نے بھی مصر کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا، ''مصر کا جغرافیائی محل وقوع افریقہ، مغربی ایشیا، بحیرہ روم اور یورپ کے درمیان ایک مربوط رابطے کا کام کرتا ہے۔ یہ انڈو پیسیفک نقطہ نظر سے بھی ایک اہم ملک ہے۔‘‘
بھارتی وزیر دفاع کے مطابق، ''عالمی سطح پر جغرافیائی، سیاسی اور جیو اکنامک ماحول میں تبدیلی آ رہی ہے، جس میں دونوں ممالک ایک واضح کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔‘‘
نریندر مودی نے مصر کا دورہ امریکہ کے اپنے چار روزہ دورے کے بعد کیا، جہاں انہوں نے صدر جو بائیڈن کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کے شعبے کی اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ا ا / م م (اے پی، اے ایف پی)