1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشائیل شوماخر سے متعلق’’دستاویزات‘‘ برائے فروخت

عدنان اسحاق24 جون 2014

فارمولا ون کار ریسنگ کے ریکارڈ ساز جرمن ڈرائیور مشائل شوماخر کی صحت سے متعلق دستاویزات چوری ہو گئے ہیں۔ تاہم چوری کرنے والا شخص ان دستاویزات کو فروخت کرنا چاہتا ہے۔

https://p.dw.com/p/1COh5
تصویر: picture-alliance/dpa (Archiv)

مشائیل شوماخر کی مینیجر زابینے کیہم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شوماخر کی طبی فائلز کچھ دنوں قبل چوری ہو گئی تھیں اور اب ان دستاویزات اور اعداد و شمار کو فروخت کرنے کی پیشکش سامنے آئی ہے۔ انہوں نےاس چوری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس حوالے سے رپورٹ بھی درج کرا دی گئی ہے۔ کیہم نے مزید بتایا کہ حکام نے اس سلسلے میں تفتیش شروع کر دی ہے۔

کیہم کے بقول برائے فروخت دستاویزات کے مستند ہونے کے بارے میں تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر مشائیل شوماخر کی مینیجر نے ان چوری شدہ دستاویزات کو خریدنے سے خبردار بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت سے متعلق دستاویزات یا کسی مریض کی طبی فائلز انتہائی نجی معاملہ ہوتا ہے، یہ خفیہ ہوتی ہیں اور یہ عام شہریوں کے لیے نہیں ہوتیں اور نہ ہی ہونی چاہییں۔ زابینے کیہم نے مزید کہا کہ اگر کسی نے بھی ان فائلوں میں درج معلومات عام کیں تو اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

Universitätsklinik Lausanne
تصویر: Getty Images

فارمولا ون کے سابق ڈرائیور شوماخر کے کومے سے باہر آنے کے بعد انہیں اسی ماہ کے آغاز میں فرانس کے ایک ہسپتال سے سوئٹزرلینڈ منتقل کیا گیا ہے۔ وہ گزشتہ برس 29 دسمبر کو فرانس کے تفریحی مقام گرینوبل میں اسکیئنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گئے تھے۔ سر پر چوٹ آنے کی وجہ سے ان کے دماغ میں خون جمع ہو گیا تھا، جسے نکالنے کے لیے ڈاکٹروں نے ان کے دو آپریشن بھی کیے۔ بعد ازاں ڈاکٹروں نے شرماخر کو مصنوعی طور پر بیہوش کر دیا تھا۔ تاہم اسی ماہ کومے سے باہر آنے کے بعد ان کا مزید علاج سوئٹزرلینڈ میں کیا جا رہا ہے۔

45 سالہ شوماخر کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کے بعد ان کے گھر والوں نے بین الاقوامی ذرائع ابلاغ سے اُن کے نجی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کی درخواست کی تھی، جس کے بعد ہسپتال کے باہر جمع نمائندے وہاں سے ہٹ گئے تھے۔