مزدوروں کا عالمی دن اور اس کی تاریخ
مزدور تنظیمیں اور تحریکیں گزشتہ 150 برسوں میں بہت کچھ حاصل کر چکی ہیں۔ اس کی جڑیں اس صنعتی دور سے جڑی ہوئی ہیں، جب مزدورں نے فیکڑی مالکان کے استحصالی رویے کے خلاف بغاوت کی تھی۔
صنعتی انقلاب کے فائدے اور نقصانات
صنعتی انقلاب کا آغاز اٹھارویں صدی کے اختتام پر برطانیہ میں ہوا۔ جہاں تکنیکی ترقی ہوئی ، وہاں سماجی بحرانوں نے بھی جنم لیا۔ صنعتی پیداوار کی ریڑھ کی ہڈی یعنی مزدورں نے فیکٹری مالکان کے استحصالی طریقوں کے خلاف آواز بلند کی۔ سب سے پہلا احتجاج برطانیہ میں ہوا، جہاں مشینوں کی وجہ سے بے روزگار ہونے والے افراد نے توڑ پھوڑ کی۔
کمیونسٹ منشور
دوسری جانب صنعتی یونٹس میں کام کرنے والوں کے حالات بھی بُرے تھے۔ انہیں دن میں زیادہ وقت کام کرنا پڑتا، اجرت کم تھی اور حقوق نہ ہونے کے برابر۔ انہوں نے اتحاد قائم کیا۔ کارل مارکس (تصویر) اور فریڈرک اینگلز نے مظلوم کارکنوں کو ’کمیونسٹ منشور‘ نامی پروگرام دیا۔ اس کا مقصد طبقاتی تقسیم کو ختم کرتے ہوئے غریب طبقے کی متوسط طبقے کے خلاف جیت تھی۔
مزدور تحریک سے سیاسی تحریک
سن 1864ء میں پہلی مرتبہ مختلف مزدور تنظیمیں نے بین الاقوامی سطح پر ایک دوسرے سے اتحاد کیا۔ نتیجے کے طور پر ٹریڈ یونینز اور سیاسی جماعتیں وجود میں آئیں، مثال کے طور پر جنرل جرمن ورکرز ایسوسی ایشن (ADAV) اور سوشل ڈیموکریٹک ورکرز پارٹی (SDAP) کا ظہور ہوا۔ ان دونوں جماعتوں کے اتحاد سے سیاسی جماعت ایس پی ڈی وجود میں آئی، جو آج بھی جرمن سیاست کا لازمی جزو ہے۔
سوشلسٹ بمقابلہ کمیونسٹ
جرمن سوشل ڈیموکریٹک جماعت دیگر یورپی ملکوں کے لیے ایک مثال بنی۔ اس جماعت کی مزدوروں کے حقوق کے لیے جنگ نظریاتی طور پر متاثرکن تھی۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد بہت سے یورپی ملکوں میں مزدور تحریک سوشلسٹوں اور کمیونسٹوں کے مابین تقسیم ہوگئی۔ کیمونسٹ لینن (تصویر) نے سوویت یونین کی بنیاد رکھی، جو تقریباﹰ 70 برس قائم رہا۔
نازیوں کے ہاتھوں یونینز کی تحلیل
تقسیم کے باوجود 1920ء کی دہائی میں مزدور تحریک اپنے عروج پر تھی۔ یونینز کے پہلے کبھی بھی اتنے زیادہ رکن نہیں تھے۔ جرمنی میں نیشنل سوشلسٹوں کے اقتدار میں آنا ان کے لیے خاتمے کا سبب بنا۔ آزاد یونینز کو تحلیل کر دیا گیا۔ بہت سے یونینز عہدیداروں کو ظلم کا نشانہ بنایا گیا اور چند ایک کو پھانسی بھی دی گئی۔
ڈی ڈی آر میں بغاوت
دوسری عالمی جنگ کے بعد ڈی ڈی آر میں آزاد جرمن ٹریڈ یونین فیڈریشن (FDGB) کی چھتری تلے اور اتحادیوں کے زیرنگرانی یونینز کو دوبارہ فعال ہونے کی اجازت دے دی گئی۔ 17 جون 1953ء کو وہاں بغاوت کا سماں تھا۔ لاکھوں کی تعداد میں مزدور کارکنوں نے سیاسی قیادت کے خلاف مظاہرہ کیا۔ سوویت فوجیوں نے فسادات کو کچل دیا۔ اس وقت FDGB حکومت کے ساتھ تھی۔
مزدور تحریک بغیر مزدوروں کے
سن 1945ء کے بعد جمہوری ریاستوں میں مزدور تحریک کی اہمیت میں نمایاں کمی ہوئی۔ بہت ہی کم صنعتی کارکن یونینز کے رکن تھے۔ اس کے علاوہ 1960ء اور 70ء کی دہائی میں خواتین اور ماحول سے متعلق نئی تحریکیں ابھر کر سامنے آئیں۔
یونین کے صدر سے ملکی صدر
جو مزدور یونین ملکی سرحدوں سے بھی باہر نام بنانے میں کامیاب رہی وہ پولینڈ کی ’یکجہتی‘ نامی تنظیم تھی۔ اس کی بنیاد 1980ء میں رکھی گئی اور چند ماہ بعد ہی یہ ایک عوامی تحریک میں بدل گئی۔ دس برس بعد اس کا سیاست میں کردار انتہائی اہم تھا۔ اس کے پہلے چیئرمین لیک والیسا 1990ء میں پولینڈ کے صدر بنے۔
آج کی مزدور تحریک
آج بھی ٹریڈ یونینز اور بائیں بازو کی جماعتیں بہترکام اور اچھے حالات زندگی کے ساتھ ساتھ، کم اجرتوں اور کام کی جگہ پر امتیازی سلوک کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ آج یکم مئی کو لیبر ڈے کے موقع پر جرمن ٹریڈ یونین فیڈریشن (DGB) نے اپنا موٹو ’’بہتر کام، سوشل یورپ‘ رکھا ہے۔