مانچسٹر یونائیٹڈ بھی چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں پہنچ گئی
5 مئی 2011مانچسٹر یونائیٹڈ اور شالکے کے درمیان یہ میچ بدھ کو مانچسٹر میں کھیلا گیا۔ سیمی فائنل کی فرسٹ لیگ میں مانچسٹر نے شالکے کو دو صفر سے ہرایا تھا۔
سیکنڈ لیگ کے مقابلے میں میزبان ٹیم نے چار گول کیے جبکہ مہمان ٹیم ایک ہی گول کرنے میں کامیاب ہوئی۔ میچ کا پہلا گول کھیل کے چھبیسویں منٹ میں مانچسٹر کی جانب سے کیا گیا جبکہ دوسرا گول اکتیسویں منٹ میں شالکے کے خلاف ہی ہوا۔ یوں دونوں میچز کا مجموعی نتیجہ چھ ایک رہا ہے جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ کا کلب فاتح بن کر سامنے آیا ہے۔
بدھ کے میچ کی فاتح ٹیم اٹھائیس مئی کو فائنل میں اسپین کے کلب بارسلونا کا سامنا کرے گی۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم چار برس کے عرصے میں تیسری مرتبہ اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ انہیں 2009ء کے فائنل میں بارسلونا کے ہاتھوں شکست کا بدلہ لینے کا موقع بھی مل گیا ہے۔
یونائیٹڈ مانچسٹر کے منیجر سر ایلکس فرگوسن نے بدھ کے میچ کے بعد کہا، ’میں گزشتہ شب ٹھیک سے سو نہیں سکا تھا، میچ کے بارے میں ہی سوچتا رہا اور چار مرتبہ میری نیند ٹوٹی۔ تاہم میرے کھلاڑیوں نے میرا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’یہ ٹیم کپ جیت سکتی ہے۔ ہمارے سامنے ایک زبردست ٹیم ہے جو بھرپور اہلیت کی حامل ہے۔‘
انہوں نے بارسلونا کے کھلاڑیوں کی حالیہ پرفارمنس کو بھی سراہا۔
قبل ازیں منگل کو چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل کی سیکنڈ لیگ کا میچ بارسلونا اور ریئل میڈرڈ کے درمیان ہوا، جو برابر رہا۔ تاہم فرسٹ لیگ کے میچ میں بارسلونا کی فتح فائنل تک اس کی رسائی کی وجہ بنی۔ بارسلونا نے چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں تین سال کے عرصے میں دوسری مرتبہ جگہ بنائی ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے
ادارت: افسر اعوان