مالیاتی بحران: یورپی رہنما امدادی پیکج پر متفّق
13 اکتوبر 2008ان ممالک کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی یورپی بینک کو دیوالیہ ہونے نہیں دیں گے۔ امدادی پلان کے مطابق سن دو ہزار نو کے اختتام تک یورپی ممالک کی حکومتیں بینکوں کے حصّص خریدیں گی تاکہ بینکوں کے درمیان قرضوں کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے کہا ہے کہ یورپی یونین نے بے نظیر اقدامات کیے ہیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق یورپی ممالک کے اس فیصلے کے بعد ایشیائی منڈیوں میں بہتری کے آثار رونما ہوئے ہیں۔ سڈنی بینچ مارک انڈیکس میں پانچ عشاریہ چھ فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب کہ جنوبی کوریا کے بازارِ حصص میں دو عشاریہ پانچ فیصد اضافہ رونما ہوا ہے۔
یورپی یونین کے ممالک کے اجلاس میں برطانوی وزیرِ اعظم گورڈن برائون نے بھی شرکت کی حالانکہ برطانیہ یورو زون کا حصّہ نہیں ہے۔
فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے اجلاس کے بعد کہا ہے کہ مالیاتی بحران ایک ایسے دور میں داخل ہوچکا تھا کہ مزید تاخیر کی گنجائش نہیں رہی تھی۔ فرانسیسی صدر نے یہ بھی کہا کہ اگر مالیاتی بحران کا زمہ دار اداروں کے منتظمین کو پایا گیا تو ان کو برخاست کردیا جائے گا۔
یورپی کمیشن کے صدر غوزے مانیول باروسو نے امدادی پلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پلان سے منڈیوں میں قنوتیت کی کیفیت ختم ہوجائے گی۔
یورپ سے باہر مالیاتی ادارے آئے ایم ایف نے یورپی رہنمائوں کے امدادی پلان کا خیر مقدم کیا ہے۔