1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ماحولیاتی معاملات میں چین سے تعاون کریں گے، گورنر براؤن

عابد حسین
6 جون 2017

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے گورنر نے ماحولیاتی معاملات میں چین کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔ گورنر جیری براؤن نے یہ بات چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقدہ کلائمیٹ فورم کے موقع پر کہی۔

https://p.dw.com/p/2eBaM
Bildergalerie extreme Dürre in Kalifornien
تصویر: Reuters/M. Anzuoni

کیلیفورنیا کے گورنر جیری براؤن کا کہنا ہے کہ اُن کی ریاست صاف ٹیکنالوجی، ضرر رساں گیسوں کے اخراج کے سدباب اور ماحول سے جُڑے دوسرے مثبت عوامل میں چین کے ساتھ تعاون کرے گی۔ جیری براؤن ان دنوں چین کے دورے پر ہیں۔

 ریاستی گورنر کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے کے دوران پیرس کلائمیٹ ڈیل سے علیحدگی اختیار کرنے کے علاوہ ڈیل کے تحت جاری سرگرمیوں سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔ امریکی صدر کے اس فیصلے پر عالمی برادری کی گہری تشویش سامنے آ چکی ہے۔ اس فیصلے کے خلاف کئی ملکوں میں احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے تھے۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا کی حکومت اور چین کی وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی مشترکہ طور پر کاربن اخراج کو کنٹرول کر کے اُسے ذخیرہ کرنے کے پروگرام کو جاری رکھیں گے اور مستقبل میں اس مناسبت سے تیار کیے جانے والے آلات کو مارکیٹ میں فروخت کے لیے بھی پیش کیا جائے گا۔ اس مناسبت سے ایڈوانس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت ایسے پروگرام تیار کیے جائیں گے جو سبز مکانی گیسوں کی کمی میں معاون ہوں گے۔

USA Californien - Governeur Jerry Brown in Sacramento
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے گورنر جیری براؤنتصویر: Reuters/M. Whittaker

کیلیفورنیا کے گورنر جیری براؤن نے چینی دارالحکومت بیجنگ میں منعقدہ صاف توانائی فورم کے حاشیے میں رپورٹرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں لیڈرشپ کی ناکامی ایک عارضی عمل ہے اور سائنس اور مارکیٹ اِس صورت حال کو نظرانداز کرتے ہوئے آگے بڑھ جائیں گے۔ گورنر براؤن نے امریکی صدر کے پیرس ڈیل سے باہر ہونے کے فیصلے کو غیر دانشمندانہ قرار دیا۔

کلین انرجی فورم میں تقریر کرتے ہوئے گورنر نے کہا تھا کہ جو پیرس ڈیل کے خلاف مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں وہ حقیقت سے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماحول کو بہتر کرنے میں دنیا کا تعاون موجود نہیں ہے اور کرہٴ ارض کے باسی اگر ماحول کو بہتر کرنے کی اہمیت سے واقف نہیں ہوں گے تو یقیناً وہ ایک تباہ کن مستقبل کے راستے پر گامزن ہیں۔