مائیکل فلِن اب قطر کے لیے لابی کریں گے
11 جولائی 2018مائیکل فلِن اسٹوننگٹن گلوبل ایل ایل سی نامی کمپنی میں ’گلوبل اسٹریٹیجی‘ کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔ مائیکل فلِن محض 22 دنوں تک ڈونلڈ ٹرمپ کے سکیورٹی ایڈوائزر رہے تھے جس کے بعد انہیں ان خدشات کے تحت اس عہدے سے الگ کر دیا گیا تھا کہ فلن نے ممکنہ طور پر روسی حکام کے ساتھ اپنے رابطوں کے حوالے سے غلط بیانی سے کام لیا تھا اور یہ کہ انہوں نے ٹرمپ کی انتخابی مہم کے دوران ترکی کے لیے بھی لابی کی تھی۔
سلامتی امور کے حوالے سے ٹرمپ کی مشاورت سے الگ ہونے کے بعد فلن نے روس کی امریکی صدارتی انتخابات میں دخل اندازی کے حوالے سے اپنا قصور تسلیم کر لیا تھا۔ مائیکل فِلن کو اس سے بھی قبل سابق صدر باراک اوباما نے ڈیفنس اینٹیلیجنس کی سربراہی سے برطرف کر دیا تھا۔
اسٹوننگٹن گلوبل کے بانی نِک مُوزِن کے مطابق، ’’فلِن کی بے مثال امریکی کہانی اور قومی سلامتی، آزادی اور انسداد دہشت گردی جیسے معاملات پر ان کی وابستگی کئی ملین امریکیوں کے لیے متاثر کُن ہے اور انہی اقدار کو دنیا بھر میں پھیلانے کے لیے ہم ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔‘‘
مُوذِن اور اس کمپنی کے دوسرے شریک بانی جوئی الھام کہہ چکے ہیں کہ وہ قطر کی ریاست کی نمائندگی کر کے کامیابی حاصل کریں گے، جو گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران الگ تھلگ ہونے، ناکہ بندی اور صدارتی تنقید سے اب امریکا اور قطر کے درمیان سلامتی اور معاشی حوالے سے بہتر تعلقات کی طرف گامزن ہے۔
ا ب ا / ع ا (اے ایف پی)