مائیکروسافٹ کے سرفیس ٹو ٹیبلٹ
25 ستمبر 2013مائیکروسافٹ کی طرف سے ’سرفیس ٹو‘ Surface 2 اور ’سرفیس ٹو پرو‘ Surface 2 Pro دراصل رواں برس فروری میں فروخت کے لیے پیش کیے جانے والے سرفیس آر ٹی اور سرفیس پرو کی جگہ متعارف کرائے گئے ہیں۔ گزشتہ دونوں ٹیبلٹ کمپیوٹرز صارفین کی توجہ حاصل نہیں کر پائے تھے اور مائیکروسافٹ کو ان کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر کمی کرنا پڑی تھی، جس کے نتیجے میں مائیکروسافٹ کو 900 ملین ڈالرز کا نقصان برداشت کرنا پڑا تھا۔
نیویارک میں ان ٹیبلٹ کمپیوٹرز کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مائیکروسافٹ کے سرفیس کمپیوٹرز کے شعبے کے سربراہ پانوس پانے Panos Panay نے بتایا کہ ’سرفیس پرو ٹو‘ میں انٹیل کی نئی 'Haswell' چپ نصب کی گئی ہے جس کی بدولت یہ گزشتہ ماڈل کی نسبت 20 فیصد تیز پروسیسنگ کرتا ہے جبکہ اسی باعث بیٹری ٹائم میں بھی 75 فیصد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ 64 گیگابائٹ میموری کے ساتھ سرفیس پرو ٹو کی قیمت 899 ڈالرز جبکہ 128 GB والی ڈیوائس کی قیمت 999 ڈالرز مقرر کی گئی ہے۔
’سرفیس ٹو‘ میں کم طاقتور Nvidia Tegra 4 پراسیسر استعمال کیا گیا ہے۔ اس کے 32 گیگا بائٹ میموری والے ورژن کی قیمت 499 امریکی ڈالرز جبکہ 64 GB والے ماڈل کی قیمت 549 ڈالرز رکھی گئی ہے۔ یہ دونوں ڈیوائسز 22 اکتوبر سے فروخت کے لیے دستیاب ہوں گی۔
ان نئے ٹیبلٹ کمپیوٹرز میں نیا ’کِک اسٹینڈ‘ بھی موجود ہے، جس کی بدولت آپ اسے آسانی سے گود میں رکھ کر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ فزیکل ’کی بورڈ‘ بھی فراہم کیا گیا ہے، جو اس کے ساتھ جوڑا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ’سرفیس پرو ٹو‘ کے لیے علیحدہ سے دستیاب ایک ڈاکنگ اسٹیشن میں یوایس بی ٹو پورٹ، یو ایس بی تھری پورٹ ، مِنی ڈسپلے پورٹ، ایتھر نیٹ اور آڈیو ساکٹس بھی موجود ہیں۔ اس طرح اس ٹیبلٹ میں وہ تمام سہولیات آپ کو مل جاتی ہیں، جو ایک پاور فُل لیپ ٹاپ میں دستیاب ہیں۔
ایک امریکی ریسرچ کمپنی IDC کے مطابق رواں برس کی دوسری سہ ماہی کے دوران فروخت ہونے والے کُل 44.3 ملین ٹیبلٹ کمپیوٹرز میں مائیکروسافٹ ٹیبلٹ کمپیوٹرز کا حصہ محض 0.7 فیصد رہا۔ گوگل اینڈرائڈ کے حامل مختلف کمپنیوں کے ٹیبلٹ کمپیوٹرز کا حصہ 62.6 فیصد رہا جبکہ ایپل کے آئی پیڈز کا شیئر 32.5 فیصد رہا۔
مائیکروسافٹ اپنے معروف زمانہ آپریٹنگ سسٹم ونڈوز کی بدولت دو دہائیوں تک پرسنل کمپیوٹر مارکیٹ پر راج کرتی رہی ہے۔ IDC کے مطابق رواں برس کی چوتھی اور آخری سہ ماہی کے دوران ٹیبلٹ کمپیوٹرز کی فروخت پرسنل کمپیوٹرز کی فروخت سے تجاوز کر جائے گی۔