لاہور میں سہ روزہ ڈاچی ثقافتی میلہ
14 نومبر 2017ہر چھ ماہ بعد منعقد ہونے والے اس ثقافتی اجتماع میں اس بار بھی پاکستان بھر کے دستکاروں اور ہنرمندوں نے درجنوں اسٹالز پر اپنی رنگا رنگ مصنوعات کی نمائش کی۔ ان مصنوعات میں ملک کے مختلف خطّوں کی نمائندگی کرنے والے ملبوسات، زیورات، ظروف اور فرنیچر کے ساتھ ساتھ کشیدہ کاری، مصوری اور خطاطی کے نمونے بھی شامل تھے۔ یہاں ٹرک آرٹ کے شاہکار بھی رکھے گئے تھے اور بانسوں سے بنے فوارے اور اونٹ کی کھال سے بنے دلکش لیمپ بھی۔
اس بار بھی ملکی اور غیر ملکی شائقین کی کثیر تعداد اس نمائش کو دیکھنے کے لیے پہنچی اور بڑے پیمانے پر خریداری کرتے ہوئے دستکاروں کی ہنر مندی اور مہارت کی داد دی۔
اپنی نوعیت کی یہ گیارہویں نمائش گیارہ نومبر ہفتے کے روز لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن کے قصرِ نور سینٹر میں شروع ہوئی۔ افتتاحی تقریب میں پاکستانی اسٹیج، ٹی وی اور فلم کی معروف شخصیت سہیل احمد نے شرکت کی اور اس امر کو سراہا کہ یہ ادارہ پاکستانی ثقافت کے خوبصورت رنگوں کو انتہائی خوبصورت انداز میں عوام کے سامنے پیش کر رہا ہے۔ اس نمائش کی آرگنائزر عائشہ نورانی نے کہا کہ اس اجتماع کا ایک اہم مقصد نئی نسل کو اس بات سے بھی رُوشناس کرانا ہے کہ پاکستان متنوع، رنگا رنگ اور بھرپور ثقافتی ورثے سے مالا مال ہے۔ نمائش کنندگان نے بھی مسرت کا اظہار کیا کہ اس نمائش کے ذریعے اُنہیں اپنے ہاتھ سے بنے فن پاروں کو فروخت کے لیے پیش کرنے کا ایک نادر موقع مل رہا ہے، جس سے اِن فنون کو محفوظ رکھنے اور اگلی نسلوں کو منتقل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔