1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور: سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن پر دہشت گردی کا حملہ ناکام

24 نومبر 2020

پاکستان کی انسداد دہشت گردی پولیس کے مطابق لاہور میں اس کے ایک تھانے پر دہشت گردانہ حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ پولیس نے مشتبہ حملہ آور کی پولیس کی جوابی فائرنگ میں ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے۔

https://p.dw.com/p/3lkH9
پاکستانی سی ٹی ڈی پولیس کے جوان
تصویر: Getty Images/AFP/A. Hassan

پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی پولیس (سی ٹی ڈی) نے منگل کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ لاہور کے برکی روڈ پر واقع ایک پولیس اسٹیشن میں ایک مشتبہ شخص داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ تھانے کے سکیورٹی گارڈز کی جانب سے اسے روکنے پر اس نے فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں یہ مشتبہ حملہ آور ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے لیس جیکٹ پہن رکھی تھی۔ پولیس کی جانب سے اس بارودی جیکٹ کی تصاویر جاری کی گئی ہیں اور بتایا گیا ہے کہ حملہ آور کی جیب سے دو گرینیڈ بم اور ایک پسٹل بھی برآمد ہوا ہے۔

پاکستانی شہر لاہور میں انسداد دہشت گردی کی فورسز کا ایک جوان
لاہور میں انسداد دہشت گردی کی فورسز کا ایک جوانتصویر: Getty Images/AFP/A. Ali

پولیس کی جانب سے مزید تفصیلات عام نہیں کی گئیں تاہم علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

مزید پڑھیے: ضلع ڈیرہ غازی خان میں القاعدہ کے دو عسکریت پسند مارے گئے

مقامی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق مبینہ حملہ آور کی لاش مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے اور اس کی شناخت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے نشانے پر

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی شمولیت کی وجہ سے شدت پسند گروہ اپنے حملوں میں اکثر سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔ اکتوبر سن 2009 میں لاہور کے قریب ایک گاؤں میں پولیس کے ٹریننگ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں تیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

جنوبی وزیرستان کے قباعلی علاقوں میں پاکستانی فوج کی ایک چوکی
شدت پسند گروہ اپنے حملوں میں اکثر سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے ہیں۔تصویر: picture-alliance/dpa

برکی روڈ پر اس مبینہ حملے کی کوشش ایسے وقت سامنے آئی ہے جب دو روز قبل ہی پاکستانی سکیورٹی فورسز نے افغان سرحد کے قریب سابق قبائلی علاقے باجوڑ میں ایک چھاپے کے دوران دو جنگجوؤن کو ہلاک کرنے کی بات کہی تھی۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت نے دہشتگردی سے متعلق پاکستانی الزامات کو مسترد کر دیا

پاکستانی فوج نے ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ مشتبہ افراد ’پاکستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث‘  تھے اور ’بھارتی خفیہ ایجنسی کے لیے کام‘  کر رہے تھے۔ نئی دہلی کی جانب سے  ان الزامات کی تردید کی جاتی ہے۔

ع آ / ص ز (اے پی)

پاکستان گرے لسٹ میں ہی رہے گا، ایف اے ٹی ایف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں