1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاطینی امریکا یورپ سمٹ میں باہمی تجارت کے فروغ پر اتفاق

28 جنوری 2013

چلی کے دارالحکومت سانتیاگو میں ہونے والی دو روزہ لاطینی امریکا یورپ سمٹ اتوار کو باہمی تجارت کو فروغ دینے کے اتفاق کے ساتھ اختتام کو پہنچ گئی۔

https://p.dw.com/p/17SXW
تصویر: Reuters

لاطینی امریکا اور کیریبئن ریاستوں کی تنظیم (سی ای ایل اے سی) اور یورپی یونین کے اس اجلاس کے اختتامی بیان میں یورپین کونسل کے صدر ہیرمان فان رومپوئے نے کہا کہ اس موقع پر ہونے والی بات چیت نے اسٹریٹیجک شراکت کو نئی توانائی اور تحریک بخشی ہے۔

EU-CELAC Gipfel Chile 2013
جرمن چانسلر انگیلا میرکل اسپین کے وزیر اعظم ماریانو راخوئے کے ساتھ محوِ گفتگو ہیںتصویر: dapd

میزبان ملک چلی کے صدر سیباستیان پنیرا نے اسٹریٹیجک اتحاد کو شرح نمو میں اضافے، ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے اور شہریوں کا معیارِ زندگی بلند کرنے کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے سراہا۔ انہوں نے کہا: ’’وقت آ گیا ہے کہ نیک نیتی کو نتائج میں ڈھالنے کے لیے کام کیا جائے۔‘‘ پنیرا نے دونوں خطوں پر زور دیا کہ بہتر مستقبل کے لیے متحد ہوجائیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جرمن چانسلر انگیلا میرکل اس سمٹ کی اسٹار رہیں۔ چلی کے ذرائع ابلاغ نے انہیں ’یورپ کی بوس‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد تجارت کو یقینی بنانے کا ماحول پیدا کیا جائے تو جرمنی اس امریکی خطے میں مزید سرگرم معاشی کردار ادا کر سکتا ہے۔

دوسری جانب فرانس کے وزیر اعظم ژاں مارک ایرول نے کہا کہ انہوں نے لاطینی امریکی ملکوں کے متعدد رہنماؤں کو مالی میں اپنے ملک کی عسکری مداخلت سے متعلق آگاہ کیا ہے۔ فرانسیسی وزیر اعظم نے انہیں یقین دلایا کہ پیرس حکومت کا واحد مقصد مالی کے جنوب کی جانب دہشت گرد گروپوں کی پیش قدمی کو روکنا ہے۔

EU-CELAC Gipfel Chile 2013
چلی کے صدر سیباستیان پنیراتصویر: picture-alliance/dpa

دونوں خطوں کے درمیان اس نوعیت کا یہ ساتواں اجلاس تھا، تاہم سی ای ایل اے سی کے قیام کے بعد یہ پہلی سمٹ تھی۔ آئندہ اجلاس 2015ء میں برسلز میں منعقد کیا جائے گا۔

اجلاس کا آخری دِن برازیل میں آتشزدگی کے نتیجے میں 232 افراد کی ہلاکت کی وجہ سے متاثر رہا۔ برازیل کی صدر ڈلما روسیف اجلاس ادھورا چھوڑ کر وطن لوٹ گئیں۔ روانگی سے قبل انہوں نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا: ’’یہ ہم سب کے لیے دردناک واقعہ ہے، اور میں یہاں سمٹ کے لیے نہیں ٹھہر سکتی، کیونکہ میری ترجیح برازیل کے عوام ہیں۔‘‘

ڈلما روسیف کی روانگی کے بعد اجلاس میں شریک رہنماؤں نے برازیل کے شہر سانتا ماریا کے سانحے پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ لاطینی امریکا یورپ سمٹ کے اختتام کے فوراﹰ بعد سی ای ایل اے سی کا ایک اجلاس شروع ہو گیا، جس میں علاقائی انضمام کے فروغ کے طریقوں پر غور کیا جا رہا ہے۔ یہ اجلاس چوبیس گھنٹے جاری رہے گا۔

سی ای ایل اے سی کی بنیاد وینزویلا کے شہر کاراکس میں دسمبر 2011ء میں رکھی گئی تھی۔ ریاست ہائے متحدہ امریکا اور کینیڈا کے علاوہ تمام امریکی ممالک اس تنظیم میں شامل ہیں اور اس کا مقصد رکن ملکوں کے درمیان تجارت اور قریبی تعلقات کا فروغ ہے۔

ng/ab (AFP)