لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا بھارتی الزام
10 اپریل 2018بھارتی آرمی کے ترجمان کرنل نیتن جوشی کہتے ہیں کہ پاکستانی فوجیوں نے کنٹرول لائن پر سندر بنی سیکٹر کے مقام پر گولہ باری کے علاوہ خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کی۔ ان کے مطابق پاکستان کی جانب سے یہ قدم 2003ء میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نیتن جوشی کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجی پاکستانی فوجیوں کی فائرنگ کا نہایت موثر طریقے سے جواب دے رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کی جانب سے فوری طور پر اس حوالے سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آيا تاہم دونوں ہمسایہ ریاستیں سرحد پر رونما ہونے والے فائرنگ کے واقعات کی ذمہ داری ایک دوسرے پر عائد کرتی رہتی ہیں۔
کشمیر میں صورت حال ایک بار پھر کشیدہ
پاکستان نے بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا
حالیہ چند ماہ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول پر تناؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی باعث دونوں جانب اب تک درجنوں فوجی اور عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ گزشتہ ماہ بھی پاکستانی اور بھارتی فوجیوں کے درمیان لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں پانچ عام شہری ہلاک ہو ئے۔