1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ورلڈ کپ: کروشیا فائنل کے لیے تیار ہے، کوچ

عاطف بلوچ خبر رساں ادارے
12 جولائی 2018

ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو تاریخی شکست دے کر کروشیائی ٹیم فائنل تک پہنچ گئی ہے۔ یہ چھوٹا سا یورپی ملک دوسری مرتبہ ورلڈ کے کپ کے سیمی فائنل تک پہنچا ہے۔ اب فائنل میں کروشیا کا مقابلہ فرانس سے ہو گا۔

https://p.dw.com/p/31Jdd
Fußball WM 2018 Kroatien vs England
تصویر: Reuters/C. Recine

فیفا ورلڈ کپ 2018 کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں انگلینڈ کو تاریخی شکست دینے کے بعد کروشیائی ٹیم فائنل کی تیاریوں میں مصروف ہو گئی ہے۔ یہ چھوٹا سا یورپی ملک نہ صرف دوسری مرتبہ ورلڈ کے کپ کے سیمی فائنل تک پہنچا  بلکہ اس نے انگلینڈ جیسی ایک مضبوط ٹیم کو دو ایک سے مات دے کر فائنل تک رسائی بھی حاصل کرلی۔

بدھ کی رات ماسکو میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کے کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جب کروشیا نے انگلینڈ کو دو  ایک سے مات دی تو چار ملین نفوس پر مشتمل بلقان کی چھوٹی سی ریاست کروشیا میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد تمام رات خوشیاں مناتی رہی۔ پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی اس ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

اگر انگلینڈ یہ میچ جیت جاتا تو باون برس بعد وہ پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے قابل ہوتا۔ تاہم کروآٹ اسٹرائیکر ماریو منجوکچ نے کھیل کے اضافی وقت میں شاندار گول کر کے انگلش ٹیم کے خوابوں کو چکنا چور کر دیا۔ مقررہ نوے منٹ تک کھیل ایک ایک گول سے برابر رہا جبکہ اضافی تیس منٹ کے کھیل میں کروشیا نے م‍زید ایک گول کر کے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

اب پندرہ جولائی بروز اتوار فائنل میچ میں کروشیا کا مقابلہ مضبوط اور فیورٹ ٹیم فرانس سے ہو گا۔ فرانس نے سن دو ہزار اٹھانوے میں ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اس مرتبہ بھی ناقدین کے رائے میں فرانس کی ٹیم انتہائی مضبوط ہے۔ تاہم کروشیا کے مضبوط دفاع اور فعال مڈ فیلڈ کے علاوہ اسٹرائیکرز کی عمدہ کارکردگی کے باعث فائنل میچ جاندار ہونے کی قوی توقع ہے۔

کروشیا کے کوچ زلاٹکو ڈالچ نے کہا ہے کہ فائنل تک رسائی حاصل کرنا شاندار ہے، ’’ہم فائنل تک پہنچے کے لیے مکمل تیار تھے‘‘۔ انہوں نے سیمی فائنل میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کا اضافی وقت میں جانا ایک مسئلہ ہو سکتا ہے کیونکہ کھلاڑی زیادہ تھک ہو گئے ہیں اور فرانس کے پاس آرام کرنے کا وقت زیادہ ہے۔ انہوں نے البتہ کہا کہ فائنل میچ میں ایسا کوئی بہانہ نہیں چلے گا کہ کروشیا کی ٹیم تھکن کا شکار ہے۔ ڈالچ کے مطابق ان کی ٹیم تیار ہے اور وہ فرانس کو کڑا وقت دے گی۔

سینٹ پیٹرز برگ میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں فرانس کی ٹیم نے منگل کے دن بیلجیم کو ایک صفر سے مات دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ اس کامیابی کے بعد فرانس بھر میں بالخصوص دارالحکومت فرانس میں عوام نے رات بھر جشن منایا تھا۔