فٹبال کے بادشاہ پیلے شدید علالت کے باعث ہسپتال میں زیر علاج
26 دسمبر 2022برازیل کے عہد ساز فٹ بالرپیلے اور ان کے اہل خانہ نے اتوار کو کرسمس کا دن بھی ساؤ پاؤلو کے ایک ہسپتال میں گزارا۔ پیلے کے بچوں کی سوشل میڈیا پوسٹوں کے مطابق ہسپتال میں زیر علاج ان کے والد کینسر کے موذی مرض کے ساتھ ساتھ گردوں اور دل کے مسائل سے بھی نبرد آزما ہیں۔
پیلے، جنہیں دنیائے فٹبال کا عظیم ترین کھلاڑی تصور کیا جاتا ہے، نومبر سے علاج کے لیے ہسپتال میں داخل ہیں اور ان کے پرستار مسلسل ان کی صحت یابی کی امیدیں لگائے ہوئے ہیں۔ پیلے کی بیٹی کیلی ناسیمینٹو نے اتوار کو انسٹاگرام پر البرٹ آئن اسٹائن ہسپتال میں جمع اپنے بہن بھائیوں اور دیگر رشتہ داروں کی تصویر کو ’ان کے ساتھ ایک اور رات‘ کے عنوان سے پوسٹ کیا۔ پیلے اس تصویر میں نظر نہیں آ رہے تھے۔
یہ تقریباﹰ ویسا ہی پیغام تھا جیسا انہوں نے جمعے کے روز بھی پوسٹ کیا تھا، جس میں بظاہر وہ اپنے والد کے ساتھ رہ جانے والے گھنٹے گن رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا، ''یہاں تک کہ اداسی میں بھی ہمیں صرف شکر گزار ہونا پڑتا ہے، ایک ساتھ رہنے کے لیے شکر گزار ہونا، آپ سب کی محبت کے لیے شکر گزار ہونا، اب یہاں ان (پیلے) کے ساتھ رہنے کے لیے شکر گزار ہونا۔ میری کرسمس۔‘‘
میسی نے پیلے کا ریکارڈ توڑ دیا
’پاپا، میری طاقت آپ کی ہے‘
تصویر میں پیلے کے بچے فلاویا، سیلسٹے، ایڈینہو اور جوشوآ کے ساتھ ساتھ ان کی بیویوں میں سے ایک کی بیٹی جمائما میکموہن بھی دکھائی دے رہے تھے۔ گزشتہ بدھ کے روز ہسپتال نے اعلان کیا تھا کہ پیلے کی بڑی آنت کا کینسر 'بڑھتا‘ دکھائی دے رہا ہے اور انہیں 'گردے اور دل کی خرابی کے علاج کے لیے اور زیادہ نگہداشت کی ضرورت ہے۔‘‘ اس دن کے آغاز پر ان کی بیٹیوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ کرسمس کے لیے گھر نہیں آئیں گے۔
پیلے کے بیٹے ایڈینہو،جنہیں حال ہی میں برازیل کے سیری بی فٹ بال کلب لونڈرینا کا کوچ مقرر کیا گیا تھا ، کرسمس کے موقع پر میڈیکل سینٹر پہنچے اور اپنی بہنوں کیلی اور فلاویا کے ساتھ وہاں موجود رہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر ایک تصویر پوسٹ کی، جس میں وہ پیلے کا ہاتھ پکڑے ہوئے لکھتے ہیں، ''پاپا... میری طاقت آپ کی ہے۔‘‘ ایڈینہو اپنی اپنے والد کے پاس عدم موجودگی کی مقامی میڈیا پر وضاحت کرنے کے ایک دن بعد ہسپتال پہنچے تھے۔
انہوں نے روزنامہ ایسٹاڈاؤ (Estadao) کی طرف سے جمعے کو شائع کردہ ایک انٹرویو میں کہا تھا، ''میں حاضر ہونا چاہوں گا، لیکن میں یہاں اپنے مشن کے لیے پرعزم ہوں۔ میں ڈاکٹر نہیں ہوں، میں واقعی زیادہ مدد نہیں کر سکتا۔‘‘ اسی دن کیلی نے بھی ہسپتال میں اپنے 82 سالہ والد کو گلے لگاتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی تھی۔
پیلے کا پیدائشی نام ایڈسن آرانٹس ڈو نیسکیمینٹو ہے۔ ان کی علالت اور ہسپتال میں داخلے کے بعد سے دنیا بھر سے انہیں نیک خواہشات اور ہمدردی کے کئی پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ انہیں یہ پیغامات بھجوانے والوں میں فرانسیسی اسٹار فٹ بالر ایمباپے بھی شامل ہیں، جن کا اپنے فالوورز سے کہنا تھاکہ وہ بھی ''بادشاہ کے لیے دعا کریں۔‘‘
’دی کنگ‘
پیلے نے 1958 کا ورلڈ کپ صرف 17 سال کی عمر میں طوفانی رفتار کے ساتھ اپنے نام کیا تھا۔ انہوں نے سیمی فائنل میں ہیٹ ٹرک اور فائنل میں مزید دو گول کیے تھے۔ انہوں نے اس کے بعد نہ صرف اپنے کیریئر کو آگے بڑھایا بلکہ برازیل کی قومی ٹیم کے لیے فٹبال کی دنیا میں ایک بہترین میراث بھی یقینی بنائی۔
وہ تاریخ کے ایسے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے تین ورلڈ کپ (1958، 1962 اور 1970) جیتے تھے۔
حالیہ برسوں میں'دی کنگ‘ کہلانے والے پیلے کو بگڑتی ہوئی صحت کا سامنا کرنا پڑا اور ان کا عوام میں نظر آنا ختم ہو کر رہ گیا تھا۔
پیلے کو 29 نومبر کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں پر ان کی میڈیکل ٹیم نے ان کی کیموتھیراپی کا دوبارہ جائزہ لیا تھا، جو وہ ستمبر 2021 میں بڑی آنت کے ٹیومر کو ہٹانے کے لیے کی گئی سرجری کے بعد سے کروا رہے تھے۔ پیلے کو لاحق سانس کی انفیکشن کا بھی علاج کیا گیا ہے۔
ش ر ⁄ م م (اے ایف پی)