فٹ بال عالمی رینکنگ میں ہالینڈ پہلی پوزیشن پر
25 اگست 2011فیفا کی جانب سے نئی ورلڈ رینکنگ بدھ چوبیس اگست کو جاری کی گئی۔ اس بات کا قوی امکان تھا کہ عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن کی حامل ہسپانوی ٹیم اس مقام پر براجمان رہے گی لیکن اٹلی کے ہاتھوں دوستانہ میچ میں شکست نے اس کے مقام میں تنزلی پیدا کردی۔ اسپین پہلی پوزیشن پر گزشتہ ایک سال سے براجمان تھا۔ درجہ بندی متعارف کروانے کے بعد ہالینڈ اب ساتواں ایسا ملک بن گیا ہے، جسے پہلی بار اس پوزیشن کا حقدار ٹھرایا گیا ہے۔ ولندیزی ٹیم یورپی ٹیبل پر بھی ٹاپ ٹیم بن گئی ہے۔
عالمی رینکنگ کے نظام کو سن 1992میں متعارف کروایا گیا تھا۔ ہالینڈ سے قبل جن چھ ٹیموں کو یہ اعزاز حاصل ہو چکا ہے، ان میں برازیل، ارجنٹائن، فرانس، جرمنی، اٹلی اور فرانس شامل ہیں۔ ہالینڈ 1596 پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر ہے۔ اسپین کے پوائنٹس کی تعداد 1563 ہے اور جرمنی 1330 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے۔
نئی درجہ بندی میں انگلینڈ کی چوتھی پوزیشن ہے جبکہ لاطینی امریکی ملکوں کے کوپا امریکہ کپ کی فاتح یوراگوئے پانچویں مقام پر ہے۔ برازیل کی ٹیم پرانی رینکنگ میں چوتھے مقام پر تھی مگر اب وہ چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ اس کی بڑی وجہ دوستانہ میچ میں جرمنی سے دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ برازیل کی قومی فٹ بال ٹیم تشکیل نو کے عمل سے گزر رہی ہے۔ اگلے ورلڈ کپ کا میزبان ملک بھی برازیل ہے۔ یہ ورلڈ کپ سن 2014میں کھیلا جائے گا۔
فٹ بال کی ورلڈ رینکنگ میں اٹلی ساتویں، پرتگال آٹھویں، ارجنٹائن نویں اور کروشیا دسویں نمبر پر ہے۔ فیفا کے رکن ملکوں کی تعداد 203 ہے۔ ان ملکوں میں کئی انتہائی چھوٹے جزائر بھی شامل ہیں۔
نئی عالمی رینکنگ میں مسلم ممالک میں سے ترکی سب سے آگے ہے۔ اس کی پوزیشن چوبیسویں ہے۔ جنوبی ایشیا میں بنگلہ دیش کی ٹیم بھارت اور پاکستان کے مقابلے میں بہتر پوزیشن پر ہے۔ بنگلہ دیش عالمی درجہ بندی میں 139 ویں مقام پر ہے جبکہ بھارت کی پوزیشن 158 ویں اور پاکستان کی 92 ویں ہے۔
فیفا کی جانب سے فٹ بال کی اگلی عالمی رینکنگ اب اکیس ستمبر کو جاری کی جائے گی۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: عاطف بلوچ