1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال: جرمنی اور پولینڈ کا میچ برابر

7 ستمبر 2011

جرمنی اور پولینڈ کی ٹیموں کے درمیان منگل کو کھیلا گیا ایک دوستانہ میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ پولینڈ جرمنی کے خلاف پہلی تاریخی جیت حاصل کرتے کرتے رہ گیا۔

https://p.dw.com/p/12U8T
تصویر: picture-alliance/dpa

جرمن کھلاڑی کاکاؤ نے انجری ٹائم میں گول کر کے پولینڈ کی جرمنی کے خلاف ممکنہ طور پر پہلی جیت کے خواب کو چکنا چور کر دیا۔ کاکاؤ کی جانب سے یہ گول اضافی وقت کے چوتھے منٹ کی آخری کک پہ کیا گیا۔ تین منٹ قبل پولینڈ کے کپتان نے ایک پینیلٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے پولینڈ کی جانب سے دوسرا گول کر کے پولینڈ کو سبقت دلا دی تھی۔ پولینڈ کی ٹیم دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل رہی تھی۔

جرمن فٹ بال ٹیم کے کوچ یوآخم لوو نے میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’’میں خوش ہوں کہ ہم اس طرح کے میچ بھی کھیل سکتے ہیں۔ یہ ضروری نہیں کہ ہم ہر میچ جیت جائیں۔‘‘

Symbolbild Patrotismus Fußball Nationalismus Frau
جرمنی کی ٹیم یورو کپ کے لیے کوالیفائی کر گئی ہےتصویر: Fotolia/ Michael Siegmund

جرمن کوچ نے یورو دو ہزار بارہ کے لیے آسٹریا کے خلاف کھیلے جانے والے ایک کوالیفائنگ میچ کے بعد جرمن ٹیم میں تبدیلیاں کی تھیں۔ جرمنی نے یہ میچ آسٹریا کو چھ دو سے ہرا کر یورو کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ پولینڈ کے خلاف میچ میں لوو نے نوئیر، شوائن اشٹائیگر اور اوئزل کو آرام دیا، جس کا مطلب یہ تھا کہ جرمنی کی ٹیم اپنی پوری طاقت کے ساتھ میدان میں نہیں تھی۔ غالباً یہی وجہ تھی کہ میچ برابر کرنے پر جرمن کوچ خوش دکھائی دیے۔

پولینڈ کے ٹیم مینیجر نے میچ ڈرا ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا تاہم ٹیم کی اچھی کارکردگی پر وہ مطمئن دکھائی دیے۔ انہوں نے دکھ کا اظہار کیا کہ پولینڈ جرمنی کے خلاف تاریخی فتح حاصل کرتے کرتے رہ گیا۔

رپورٹ: شامل شمس⁄  خبر رساں ادارے

ادارت: امتیاز احمد