فلوجہ پر قبضے کے لیے عراقی فوج کا آپریشن شروع
23 مئی 2016آج پیر سے الانبار صوبے کے ایک اہم شہر فلوجہ پر قابض جہادیوں کو پسپا کرنے کے بڑے فوجی مشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ عراقی وزیراعظم نے اِس عسکری آپریشن کے شروع کیے جانے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ آپریشن کے پہلے ہی دن عراقی فوج نے فلوجہ شہر کے نواح میں واقع زرعی علاقوں میں پھیلے ہوئے عسکریت پسندوں کو پیچھے دھکیلنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
اِس وقت فلوجہ کے مشرقی نواحی قصبے الکرمہ میں لڑائی کا سلسلہ شروع ہے۔ الکرمہ کو اسلامک اسٹیٹ کی سپلائی کا مرکز قرار دیا جاتا ہے۔ جہادی اِس وقت اِس قصبے کے مرکز میں مورچہ زن ہو کر حکومتی پیش قدمی کا مقابلہ کرنے کی کوشش میں ہیں۔
عراق کے نیم فوجی دستوں کی قیادت کرنے والے کرنل محمود المرضی کا کہنا ہے کہ آپریشن شروع کرنے کے بعد اُن کے فوجی دستوں نے محتاط انداز میں پیش قدمی کرتے ہوئے کم از کم تین زرعی علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ یہ تینوں علاقے الکرمہ قصبے کے نواح میں ہیں۔ کرنل المرضی نے یہ بھی بتایا کہ توپ خانے اور ٹینکوں سے شیلنگ کے ساتھ ساتھ فضائی حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
یہ امر اہم ہے کہ گزشتہ برس اگست سے عراقی فوج فلوجہ پر حملے کی پلاننگ کے سلسلے میں اِس شہر کا محاصرہ کیے ہوئے ہے۔ گزشتہ کئی ماہ سے عراقی فوج نے شہر کے لیے خوراک اور ادویات کی سپلاسی کو کنٹرول کر رکھا ہے۔
عراقی فوج کے ہم راہ شیعہ ملیشیا کے مسلح دستوں کے علاوہ نیم فوجی دستے اوہر پولیس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ زمینی فوجیوں کے ساتھ ٹینک، توپیں اور بکتر بند گاڑیاں بھی ہیں۔ بارودی سرنگوں کو صاف کرنے والی مشینیں بھی فوج کے دستے اپنے ساتھ لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ امریکی عسکری اتحاد کے جنگی طیارے بھی جہادیوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس عسکری فوجی آپریشن کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عبدالوہاب السعدی ہیں۔
جنرل عبدالوہاب السعدی نے فلوجہ کی بازیابی کے لیے کوئی ٹائم فریم دینے سے معذوری ظاہر کی ہے۔ تاہم ان کے مطابق اِس آپریشن کے ابتدائی مرحلے میں فلوجہ کے اندر اور باہر ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے ٹھکانوں کی نشاندہی پر اُن پر کاری ضرب لگاتے ہوئے جہادیوں کو مفلوج کر دیا جائے۔
فلوجہ آپریشن کے بارے ميں ٹيلی وژن پر خطاب کرتے ہوئے وزير اعظم حيدر العبادی نے کہا کہ فلوجہ کو داعش کے قبضے سے چھڑانے کے ليے عسکری کارروائی پہلے شروع ہونی تھی تاہم حاليہ سياسی پيش رفت کے سبب ایسا ممکن نہیں ہو سکا تھا۔ اس آپريشن کے آغاز سے قبل اتوار کو عراقی جوائنٹ آپريشنز کمانڈ نے شہر کے اندر موجود قريب دس ہزار سے زائد شہريوں کو محفوظ مقام کی جانب منتقل ہونے کی ہدایت کی تھی۔ یہ بھی کہا گیا تھا کہ جو خاندان منتقل نہیں ہو سکتے وہ اپنے گھروں پر سفید پرچم لہرا کر رکھیں تا کہ حملےکے دوران اُن کے گھروں کو ہر ممکن تحفظ دیا جا سکے۔