1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرکٹوز کے خلاف عدم برداشت نومولود بچوں میں معدے کی تکلیف کا سبب

Kishwar Mustafa28 مئی 2012

بچوں میں اکثر و بیشتر پائی جانے والی معدے کی تکلیف اور اسہال کی وجہ فرکٹوز یا ثمرقند ہو سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/153Za
تصویر: Fotolia

امراض اطفال کے ماہرین کی جرمن ایسوسی ایشن کے ترجمان اُلرش فیگلر کے بقول سانس کے ایک ہائیڈروجن ٹیسٹ سے پتہ چلا ہے کہ اکثر بچوں کے معدے میں غذا میں پائی جانے والی قدرتی شکر کو ہضم کر کے اسے خون تک پہنچانے کی صلاحیت کم ہوتی ہے۔ ایسے بچوں میں غذائیت کو خون تک پہنچانے والے نظام کو فرکٹوز یا پھلوں وغیرہ میں پائی جانے والی قدرتی شکر سے شدید نقصان پہنچتا ہے۔

جرمن ماہر اُلرش فیگلر مزید کہتے ہیں، ’غیر جذب شدہ فرکٹوز پر بیکٹیریا حملہ آور ہوتے ہیں اور انہیں میٹابولزم یا مجموعی کیمیائی تبدیلی کے ذریعے معدے میں درد کا باعث بنا دیتے ہیں۔ اس کی عام علامات میں باد شکم یا ریاح کے اخراج، اسہال اور پیٹ کا درد شامل ہیں‘۔ تاہم اس جرمن ماہر کا کہنا ہے کہ ایسی صورت میں بچوں کو فرکٹوز سے بھرپور پھلوں سے دور رکھنے کا عمل دراصل پیٹ کی تکلیف اور دیگر مذکورہ علامات میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔

فرکٹوز کے ہضم نہ ہونے اور اس کے معدے میں جذب نہ ہونے کی شکایت زیادہ تر شیر خوار اور پاؤں پر چلنا سیکھنے والے بچوں میں پائی جاتی ہے، جب وہ پھل کھانا اور پھلوں کا جوس پینا شروع کرتے ہیں۔ تاہم ان بچوں کو پھل کھلاتے رہنا چاہیے۔ پھلوں کی چند اقسام جیسے کے چیری، اناناس، نارنجی، کیلے اور گریپ فروٹ یا چکوترے میں فرکٹوز کی مقدار دیگر پھلوں کے مقابلے میں کم ہوتی ہے۔

Zimmerpflanzen Gefahren für Kleinkinder Flash-Galerie
بچوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا ضروری ہے تاکہ وہ مُنہ میں کوئی غلط چیز نہ ڈال لیںتصویر: picture alliance/ZB

فرکٹوز کے خلاف عدم برداشت اکثر بڑے بچوں میں بھی پیدا ہو جاتی ہے۔ خاص طور پر اُس وقت جب وہ بہت زیادہ میٹھی اشیاء کھانے لگتے ہیں۔ اس ضمن میں Hereditary Fructose Intolerance یا HFI کا معاملہ بالکل مختلف ہے۔ یعنی جن بچوں میں موروثی طور پر فرکٹوز کے خلاف عدم برداشت کا پتہ چلتا ہے، اُن کے دراصل جگر کی کارکردگی ناقص ہوتی ہے۔ یعنی جگر میں فرکٹوز کو جذب کرنے کی صلاحیت پیدائشی طور پر کم ہوتی ہے۔ تاہم ایسے بچوں کی تعداد بہت کم ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ہر 20 ہزار بچوں میں سے صرف کسی ایک میں ہی HFI یا فرکٹوز کے خلاف موروثی عدم برداشت پائی جاتی ہے۔ یہ عارضہ آگے چل کر خون میں شکر کی مطلوبہ مقدار میں کمی کی حالت اور جگر کی شدید نوعیت کی خرابی کا باعث بنتا ہے۔ ماہرین کا مشورہ ہے کہ ایسے بچوں کے والدین کو بلا تاخیر ڈاکٹروں سے رجوع کرنا چاہیے جن میں فرکٹوز کے خلاف جسمانی عدم برداشت کے آثار یا اثرات نمایاں ہوں۔

km / mm (dpa)