1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سفر و سیاحتفرانس

فرانس: حکومتی تعاون سے ای کار لیزنگ، ماہانہ قسط صرف سو یورو

15 دسمبر 2023

فرانس میں حکومتی تعاون سے نئی الیکٹرک کاروں کی لیزنگ کی اگلے سال سے شروع ہونے والی ایک ایسی سکیم کی تیاریاں جاری ہیں، جس کے تحت ایسی کوئی بھی گاڑی حاصل کرنے والے ملکی صارفین کو ماہانہ صرف سو یورو فی کس ادا کرنا ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/4aDgZ
الیک الیکٹرک کار کی چارجنگ کے وقت لی گئی تصویر
پٹرول یا ڈیزل کے بجائے چارجنگ: الیکٹرک کاریں زیادہ ماحول دوست ہونے کی وجہ سے پسند کی جاتی ہیںتصویر: John Walton/PA Wire/picture alliance

فرانسیسی دارالحکومت پیرس سے جمعہ پندرہ دسمبر کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق صدر ایمانوئل ماکروں کی طرف سے الیکٹرک یا ای کاروں کے استعمال کو زیادہ رواج دینے کے لیے اعلان کردہ اس پیشکش کا دوہرا مقصد ہے۔

جرمنی میں الیکٹرک کاروں کی سولر پاور سے چارجنگ، نئی فنڈنگ

ایک تو یہ کہ فرانس میں معدنی ایندھن یعنی پٹرول یا ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کے بجائے زیادہ ماحول دوست الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری کی حوصلہ افزائی کی جائے اور دوسرے یہ کہ کم آمدنی والے فرانسیسی شہریوں کے لیے بھی ای کاروں تک جلد رسائی کو آسان بنایا جائے۔

اولین مقصد کن شہریوں کی مدد؟

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کے مطابق اس پیشکش کا بنیادی مقصد کم آمدنی والے ان ملکی کارکنوں کی مدد کرنا ہے، جو اپنے کام کی جگہوں تک پہنچنے کے لیے کار استعمال کرنے پر مجبور ہوں اور جن کی جائے روزگار ان کی رہائش سے کم از کم 15 کلومیٹر دور ہو۔

اس منصوبے پر عمل درآمد عنقریب شروع ہونے والے نئے سال 2024ء سے ہو گا اور کسی عام کار کی لیزنگ کے لیے کسی بھی صارف کو ماہانہ صرف 100 یورو کی قسط اد اکرنا ہو گی۔ اگر ای کار تھوڑی سے بڑی ہوئی، تو ماہانہ قسط 150 یورو تک ہو گی۔

فوکس واگن نے کھوئی ہوئی پوزیشن ٹیسلا سے واپس حاصل کر لی

فرانسیسی کمپنی رینو (رینالٹ) کی رینو فائیو نامی ماڈل کی ایک الیکٹرک کار
فرانسیسی کمپنی رینو (رینالٹ) کی رینو فائیو نامی ماڈل کی ایک الیکٹرک کارتصویر: abaca/picture alliance

الیکٹرک گاڑیوں کے ٹائر آلودگی کے لیے ایک نیا درد سر

توقع ہے کہ فرانس میں اگلے برس اس سکیم کے تحت 20 ہزار سے لے کر 25 ہزار تک شہری ایسی الیکٹرک گاڑیوں کے حصول کے لیے لیزنگ معاہدوں پر دستخط کر دیں گے۔

بعد ازاں اس منصوبے میں نئی الیکٹرک کاروں کی دستیابی کے مجموعی حجم کو مدنظر رکھتے ہوئے توسیع بھی کر دی جائے گی۔

الیکٹرک کاریں کن کمپنیوں کی تیار کردہ؟

پیرس حکومت نے اس منصوبے کے تحت جن کار ساز اداروں کی تیار کردہ الیکٹرک گاڑیوں کے مختلف ماڈلز کی لیزنگ کا ذکر کیا ہے، ان میں فرانسیسی کمپنیوں رینو، پیئجو اور سِٹروئن بھی شامل ہیں اور اوپل اور فیئٹ جیسے ادارے بھی۔

اہم بات یہ ہے کہ ایسی کسی بھی ای کار کی قیمت 47 ہزار یورو سے کم اور اس کا وزن 2.4 ٹن سے کم ہونا چاہیے۔ اس سکیم کا اطلاق صرف نئی الیکٹرک گاڑیوں پر ہی نہیں بلکہ استعمال شدہ ای کاروں پر بھی ہو گا۔

’سفید سونا‘ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے کتنا ضروری؟

کار ساز اداروں پیئجو اور فیئٹ کے لوگو
اس فرانسیسی سکیم کے تحت صارفین ان دونوں (تصویر) کمپنیوں کی تیار کردہ الیکٹرک کاریں بھی خرید سکیں گےتصویر: Stephane Mahe/REUTERS

فرانسیسی عوام سے اس سکیم کا وعدہ صدر ایمانوئل ماکروں نے گزشتہ برس اپنی اس صدارتی انتخابی مہم کے دوران کیا تھا، جس کے بعد وہ دوسری مرتبہ سربراہ مملکت منتخب ہوئے تھے۔

حکومتی بونس صرف یورپ میں تیار کردہ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے

پیرس میں ملکی حکومت کے اعلان کے مطابق رواں ماہ کے وسط سے فرانس میں نئی اور زیادہ ماحول دوست الیکٹرک کاروں کی خریداری کے لیے حکومت کی طرف سے دیا جانے والا بونس صرف ایسی کاروں کے لیے دیا جائے گا، جو یورپ ہی میں تیار کردہ ہوں۔

بھارت نے سستی ترین الیکٹرک کار متعارف کرا دی

صدر ماکروں کے الفاظ میں، ''اس سکیم کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ عام فرانسیسی شہریوں کی ایسی الیکٹرک کاروں کے حصول اور استعمال میں  مدد کی جائے، جو ان کے اپنے ہی ملک میں تیار کی گئی ہوں۔‘‘

صدر ایمانوئل ماکروں نے فرانس میں تیا رکردہ الیکٹرک گاڑیوں کی پیداوار میں اضافے کا جو ہدف مقرر کیا ہے، اس کے تحت یورپی یونین کے رکن اس ملک میں 2027ء تک سالانہ ایک ملین تک ای کاریں تیار کی جانا چاہییں۔

م م / ع ا (ڈی پی اے)

سیلف ڈرائیونگ کاریں سڑکوں پر دوڑتی نظر آئیں گی؟