فارمولا ون لیجنڈ شوماخر حادثے کا شکار، حالت نازک
29 دسمبر 2013جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے فرانس کے ایک ٹیلی وژن چینل BFMTV اور مقامی اخبارات کے توسط سے بتایا ہے کہ فارمولا ون اسپورٹ کی تاریخ ساز شخصیت مشائل شوماخر کی حالت انتہائی نازک ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق شوماخر اب کومے میں چلے گئے ہیں۔ اسکیئنگ کے دوران اُن کو سر میں گہری چوٹیں آنے کے بعد برین ہیمرج کا سامنا ہے۔ چوالیس برس کے شوماخر نے حادثے کے وقت ہیلمٹ بھی پہن رکھا تھا۔ اُن کی مینیجر زابینے کاہم (Sabine Kehm) نے شوماخر کے سر پر حادثے کے بعد چوٹیں آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کے وقت شوماخر نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا اور وہ اکیلے نہیں تھے۔ زابینے کاہم نے ذرائع ابلاغ کو مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
شوماخر کے ساتھ يہ حادثہ یورپی پہاڑی سلسلے کوہ الپس کے فرانسیسی حصے کی وادی ٹارنٹائی (Tarentaise) کے مشہور اسکی مقام میریبل میں پیش آیا۔ اِس مقام پر 180 لفٹیں نصب ہیں جو اسکیئنگ کا شوق رکھنے والوں کو زمین سے لے کر پہاڑ کے بلند حصے تک پہنچاتی ہیں۔ میریبل کا اسکیئنگ مقام تین مختلف وادیوں میں پھیلا ہوا ہے۔ اِس مقام کے سیاحت کے شعبے کے ڈائریکٹر کرسٹوف گیرنیگوں لیکومے (Christophe Gernignon-Lecomte) نے ایک مقامی ریڈیو کو بتایا کہ حادثے کے بعد کوئی ایمرجنسی الارم نہیں بجا تھا اور جب امدادی ٹیمیں شوماخر تک پہنچی تو وہ ہوش میں تھے۔امدادی ٹیموں نے فوری طور پر شوماخر کو نشیب سے نکالنے کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے قریبی شہر مُوٹیئر (Moutiers) پہنچایا۔ یاد رہے کہ میریبل اسکی مقام مُوٹیئر شہر ہی میں واقع ہے۔
ابتدائی تشخیص میں مُوٹیئر ہسپتال کے ڈاکٹروں نے شوماخر کی کھوپڑی میں فریکچر تشخیص کرتے ہوئے دوسرے ہسپتال تک لے جانے کا مشورہ دیا۔ مُوٹیئر کے ڈاکٹروں کے مشورے پر شوماخر کو فوری طور پر گرےنوبل (Grenoble) شہر کے بڑے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ گرے نوبل کے ہسپتال نے فوری طور پر شوماخر تک عزیز و اقارب، دوستوں اور میڈیا کے نمائندوں کی رسائی کو روک دیا۔ ان کے علاج کی نگرانی معروف آرتھوپیڈیک سرجن ڈاکٹرجیراڈ سیلاں (Gerard Saillant) کر رہے ہیں۔
کھیل کی دنیا سے شوماخر کی صحت یابی کے پیغامات آنا شروع ہو گئے ہیں۔ مشائل شوماخر فارمولا کار ریسنگ کے سات بار ورلڈ چیمپئن رہ چکے ہیں اور یہ ایک ریکارڈ ہے۔ ریٹائرمنٹ ختم کرنے کے بعد دوسری مرتبہ انہوں نے فارمولا ون کو سن 2012 میں مکمل طور پر خیرباد کہہ دیا تھا۔ اپنی مُہم جو طبیعت کی وجہ سے انہیں کئی بار حادثوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اُن کے اِس وقت فرانس میں معالج جیراڈ سیلاں نے سن 1999 میں برٹش گراں پری کے دوران حادثے میں زخمی ہونے پر شوماخر کی ٹانگ کا آپریشن بھی کیا تھا۔ سن 2009 میں بھی اسپین میں ایک حادثے میں انہیں ریڑھ کی ہڈی میں چوٹ آئی تھی۔