غیر معیاری فلموں کے ’آسکر ایوارڈز‘ کی نامزدگیوں کا اعلان
8 فروری 2020چالیسویں 'گولڈن رس بھری ایوارڈز‘ (Golden Raspberry Awards) کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ عام طور پر 'رازی‘ کے نام سے پکارے جاتے ہیں۔ اس کی ابتداء سن 1981 میں ہوئی تھی۔ اس ایوارڈ کی مارکیٹ میں قیمت محض پانچ ڈالر ہے۔ ایوارڈ کی صورت ایک سنہرے فلم کی ریل میں لپٹا لکڑی کا چوکور پُکڑا اور اُس پر گولف کے گیند جتنی رس بھری جڑی ہوتی ہے۔
دنیا بھر میں معتبر ترین فلم ایوارڈ اکیڈمی ایوارڈز خیال کیے جاتے ہیں۔ اس ایوارڈز کے لیے جو مورتی دی جاتی ہے، وہ آسکر کہلاتی ہے۔ اس کے باعث اصل نام اکیڈمی کم اور آسکر ایوارڈز زیادہ مقبول اور مستعمل ہو چکا ہے۔
کئی نامی گرامی اداکاروں نے 'رازی‘ ایوارڈز وصول کیے ہیں۔ ان میں ٹام گرین (خراب ترین اداکار)، ہیلی بیری (خراب ترین اداکارہ)، سینڈرا بلاک (خراب ترین اداکارہ)، مائیکل فیرس اور ڈیوائن جانسن (مشہور ریسلر یا پہلوان 'دی راک‘) جیسے نام خاص طور پر نمایاں ہیں۔ سینڈرا بلاک کو سن 2010 میں بہترین اداکارہ کا آسکر اور خراب ترین اداکارہ کے طور پر رازی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
سن 2019 میں شہرت زیادہ دی جانے والی خراب ترین فلموں کے ایوارڈز کل آسکر کی تقریب کے بعد دیے جائیں گے۔ یہ تقریب پہلی مرتبہ ٹیلی وژن پر بھی نشر کی جائے گی۔ سن 2019 کی خراب ترین فلموں میں سب سے زیادہ نامزدگیاں 'کیٹس‘ اور 'ماڈیا‘ کو حاصل ہوئی ہیں۔
کیٹس ایک میوزیکل فلم ہے اس کے ہدایتکار ٹام ہوپر ہیں، جو اکیڈمی ایوارڈ کی حامل ہیں اور ان کی کئی فلمیں آسکر جیت چکی ہے۔ ایک بڑے ہدایتکار کے حوالے سے 'کیٹس‘ کی ناکامی اور کمزور اسکرین پلے کے ساتھ بنائی گئی فلم ناقدین کو ہضم نہیں ہوئی۔
'کیٹس‘ فلم سن 1939 میں ٹی ایس ایلیٹ کی ایک طویل منظوم کہانی پر مبنی ہے۔ گزشتہ سال بہت زیادہ پبلسٹی کے باوجود یہ انتہائی ناکام ترین فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ اس فلم کو قریب قریب تمام ناقدین نے منفی کلمات سے نوازتے ہوئے ایک انتہائی بیکار پروڈکشن قرار دیا تھا۔ اس فلم کو چھ نامزدگیاں دی گئی ہیں۔
سب سے زیادہ نامزدگیاں لینے والی دوسری فلم ' اے ماڈیا فیملی فیونرل‘ (A Madea Family Funeral) ہے۔ ہدایتکار اور اداکارہ ٹائیلر پیری کی یہ کامیڈی فلم بھی سن 2019 کی خراب ترین پلاٹ اور کمزور ہدایتکاری کا نمونہ ہے۔ گولڈن رس بھری ایوارڈز کے لیے اسے چار نامزدگیاں دی گئی ہیں۔
الزبتھ شوماخر (ع ح ⁄ ع آ)