غزہ پٹی ميں بارہ گھنٹوں کے ليے جنگ بندی
26 جولائی 2014نيوز ايجنسی روئٹرز کی غزہ اور يروشلم سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اسرائيلی افواج ہفتہ چھبيس جولائی کو مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے يا عالمی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے سے غزہ پٹی ميں اپنی کارروائياں بارہ گھنٹوں کے ليے معطّل کر ديں گی۔ تاہم فوجی بيان ميں بتايا گيا ہے کہ اسرائيلی فوجی اہلکار اس دوران بھی جنگجوؤں کے زير استعمال سرنگوں کو ڈھونڈنے کا عمل جاری رکھيں گے۔ اسلام پسند تنظيم حماس کے ايک ترجمان کے بقول فلسطينيوں کی تمام دھڑے بھی جنگ بندی معاہدے پر عمل در آمد کريں گے۔
دريں اثناء غزہ ميں دير پا جنگ بندی کے قيام کے ليے بھی سفارتی کوششيں جاری ہيں۔ ايک فرانسيسی سفارتی ذرائع کے مطابق ہفتے کو دارالحکومت پيرس ميں ايک اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس ميں ميزبان ملک کے علاوہ جرمنی، امريکا، برطانيہ اور اٹلی کے سفارت کاروں سميت يورپی يونين کے خارجہ امور کی سربراہ کيتھرين ايشٹن بھی شرکت کر رہی ہيں۔ اجلاس میں مسلح تنازعے کے حل کے ليے مصر کی ثالثی پر گفتگو کی جائے گی اور يہ کوشش کی جائے گی کہ فریقین کو فوری طور پر حملے روکنے پر راضی کیا جا سکے۔
قبل ازيں جمعے کو اسرائيل نے امريکی وزير خارجہ جان کيری کی طرف سے پيش کردہ جنگ بندی کے ايک تازہ منصوبے کو مسترد کر ديا تھا۔ يہ فيصلہ گزشتہ روز ہی منعقد ہونے والے اسرائيلی سکيورٹی کابينہ کے اجلاس ميں کيا گيا تھا۔ تاہم ايک امريکی سفارت کار نے اس بارے ميں کہا ہے کہ جنگ بندی کے مجوزہ معاہدے کے مسودے پر چند اختلافات ہيں تاہم وہ پر اعتماد ہيں کہ بالآخر کسی سمجھوتے تک پہنچا جا سکے گا۔
دريں اثناء غزہ پٹی ميں حماس کے جنگجوؤں کی جانب سے اسرائيل پر راکٹ داغے جانے اور اس کے جواب ميں اسرائيلی کارروائی گزشتہ روز بھی جاری رہی۔ غزہ کے اہلکاروں کے مطابق اسرائيلی فضائی حملوں ميں پانچ مزيد افراد ہلاک ہوئے، جس کے بعد پچھلے انيس دنوں کے دوران ہلاک ہونے والے فلسطينيوں کی تعداد 865 ہو گئی ہے، جن ميں بھاری اکثريت شہريوں کی ہے۔ اسرئيلی فوج کے مطابق جمعے کے روز اس کے بھی مزيد تين فوجی مارے گئے، جس کے بعد فوجی ہلاکتوں کی تعداد پينتيس ہو گئی ہے۔