1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ پر اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری، ہلاکتیں 132 ہو گئیں

15 مئی 2021

اسرائیل کے مطابق  جمعے کے روز اس کی بری اور فضائی دونوں افواج نے کارروائی میں حصہ لیا تاہم ابھی فوج غزہ کے علاقے میں داخل نہیں ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3tQWG
Palästina Israelischer Luftangriff auf Gaza
تصویر: Ashraf Amra/APA Images via ZUMA Wire/dpa/picture alliance

غزہ میں پانچویں روز بھی اسرائیل کے فضائی حملے شدت سے جاری ہیں جبکہ حماس کی جانب سے اسرائیل کے خلاف راکٹ داغنے کا سلسلہ بھی نہیں رکا ہے اور اب یہ تشدد مقبوضہ ویسٹ بینک تک بھی پھیلنے لگا ہے، جہاں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے کم سے کم گيارہ  فلسطینیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید شدت کی اطلاعات ہیں، جہاں محکمہ صحت کے حکام کے مطابق  ہفتے کی صبح تک اسرائیل کے فضائی حملوں میں 132 فلسطینی ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔ اس دوران فلسطین میں ہلال احمر گروپ نے  مشرقی یروشلم اور ویسٹ بینک میں جھڑپوں کے دوران کم سے کم 5017 فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔

دوسری جانب پیر کے روز، جب سے اس لڑائی کا آغاز ہوا تھا، تب سے اب تک آٹھ اسرائیلیوں کے بھی ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ 

Palästina Israelischer Luftangriff auf Gaza
تصویر: Mahmud Hams/AFP/Getty Images

اسرائیلی فوج  کے ایک ترجمان لیفٹینٹ کرنل جوناتھن کورنیکس نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے  کہ غزہ پٹی پر حملے کے لیے اسرائیلی فضائیہ 160 جنگی طیاروں کا استعمال کر رہی ہے اور اس کے ساتھ ہی اب ٹینک اور آرٹیلری کا بھی استعمال شروع کیا گیا ہے۔

جمعے کے روز مقبوضہ ویسٹ بینک کے ہیبرون اور نبلس کے علاقوں میں بدامنی پھیلنے کے واقعات پیش آئے، جہاں فلسطینیوں نے اسرائیلی فورسز کے خلاف پتھراؤ کیا۔ اس کے جواب میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی۔ ان جھڑپوں میں کم سے 11 فلسطینی ہلاک جبکہ متعدد  زخمی ہوئے۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں ان ہلاکتوں کو، ’’ایک طے شدہ منصوبے کے تحت سفاکانہ قتل‘‘ سے تعبیر کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے سیاسی حمایت کی گزارش کی ہے۔ ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ اس کے اعداد و شمار کے مطابق مقبوضہ غرب اردن اور یروشلم میں سنیچر کی صبح تک کم سے کم 1،757 فلسطینی زخمی ہوئے تھے۔

Palästina Israelischer Luftangriff auf Gaza
تصویر: Mahmud Hams/AFP/Getty Images

ادھر اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے جمعے کے روز پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ  غزہ میں موجودہ فوجی کارروائی’’ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔‘‘ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ اس نے ان سرنگوں کو نشانہ بنایا ہے، جسے  حماس جنگجو ہتھیار جمع کرنے اور حملے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

سنیچر کی صبح اسرائیل کے جنگی طیاروں نے غزہ میں پناہ گزینوں کے ’شاطی‘ کیمپ کو نشانہ بنایا، جس میں کم از کم ساتھ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔  خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس علاقے میں آباد فلسطینیوں نے بتایا ہے کہ انہیں اس حملے کے بارے میں پہلے سے کوئی وارننگ نہیں دی گئی تھی۔

کیا مشرق وسطی کے دوسرے علاقوں میں بھی کشیدگی پھیل رہی ہے؟

غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف پڑوسی ممالک اردن اور لبنان میں بڑے مظاہرے ہوئے ہیں، جن میں لوگوں نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اردن میں بڑی تعداد میں مظاہرین کنگ النبی پل کی جانب دوڑ رہے ہیں۔ یہ پل اردن اور اسرائیل کی سرحد پر واقع ہے۔

Westjordanland West Bank | Nahostkonflikt | Demonstranten
تصویر: Mamoun Wazwaz /Anadolu Agency/picture alliance

 لبنان میں کچھ مظاہرین اسرائیل کے سرحدی شہر میتولہ میں بھی گھسنے میں کامیاب ہو گئے۔ اسرائیل فورسز نے ان مظاہرین پر فائرنگ کی، جس میں ایک لبنانی شہری کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے۔

اطلاعات کے مطابق شام کے علاقوں سے بھی اسرائیل کی جانب بعض راکٹ فائر کیے گئے ہیں تاہم حکام کے مطابق اس سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔

اس دوران اسرائیل سے تعلقات استوار کرنے والے خلیجی ممالک متحدہ عرب امارات اور بحرین نے لڑائی بند کرنے کی اپیل کی اور فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا ہے۔  مراکش نے ادویات اور کمبلوں جیسی اشیا غزہ اور ویسٹ بینک کے علاقوں میں بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

  اطلاعات کے مطابق مصر نے حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی کوشش کی تھی تاہم اس میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔

مزيد فلسطينی علاقہ ضم کرنے کے اسرائيلی منصوبے پر احتجاج

مغربی دنیا کا رد عمل

اسرائیل کے اتحادی امریکا نے کشیدگی کم کرنے کی توقع کے ساتھ وزارت خارجہ کے ایک رکن ہادی عمر کو اسرائیل بھیجا ہے، جو جمعے کے روز تل ابیب پہنچے تھے۔ صدر جو بائیڈن اس دوران اسرائیل کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں، جس پر انہیں کی جماعت کے بعض کانگریس ارکان نے شدید نکتہ چینی کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئل ماکروں نے بھی جمعے کو اسرائیلی صدر بینجمن نیتن یاہو سے فون پر بات چیت کی ہے۔ انہوں نے حماس کے راکٹ حملوں کی مذمت کی تاہم غزہ میں عام شہریوں کی ہلاکتوں پر  تشویش کا بھی اظہار کیا۔

ص ز/  ا ا (اے پی، روئٹرز، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں