1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ: جنگ بندی کی کوششوں ميں ’کچھ پيش رفت‘

عاصم سليم24 جولائی 2014

امريکی وزير خارجہ جان کيری نے يروشلم ميں اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل بان کی مون کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا ہے کہ غزہ ميں جنگ بندی کے معاملے پر کچھ پيش رفت ہوئی ہے تاہم ابھی کافی کام باقی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Chl8
تصویر: Reuters

بدھ 23 جولائی کو يروشلم ميں بان کی مون کے ساتھ ملاقات کے بعد جان کيری نے کہا، ’’پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ہم نے اپنے مقصد کی طرف بڑھنے ميں کچھ پيش رفت ضرور کی ہے۔‘‘ بعد ازاں کيری نے تل ابيب ميں اسرائيلی وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو سے ملاقات کی، جو قريب دو گھنٹے تک جاری رہی۔ اس ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں کی جانب سے کوئی بيان جاری نہيں کيا گيا۔ اسرائيلی وزير اعظم نے اس کے بعد اپنی سکيورٹی کابينہ کے ايک اجلاس ميں شرکت کی جبکہ جان کيری مصری دارالحکومت قاہرہ کے ليے روانہ ہو گئے۔

امريکی وزير خارجہ نے يروشلم ميں اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کی
امريکی وزير خارجہ نے يروشلم ميں اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کیتصویر: Reuters

امريکی وزير خارجہ نے مغربی کنارے کے شہر رملہ ميں فلسطينی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کی۔ عباس نے بعد ازاں رات گئے تک برطانوی وزير خارجہ فلپ ہيمنڈ سے بھی بات چيت جاری رکھی، جس ميں ہيمنڈ نے کہا کہ تمام فريق ايک مستحکم اور دير پا حل کے ليے کام کريں گے، جس کی مدد سے فلسطينی اور اسرائيلی امن ميں رہ سکيں گے۔

اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل بان کی مون نے بعد ازاں جدہ جا کر سعودی شاہ عبداللہ کے ساتھ اپنی ملاقات ميں اسرائيلی فلسطينی تنازعہ اور فوری جنگ بندی کی ضرورت کا معاملہ اٹھايا۔

دوسری جانب حماس کے ايک سينئر اہلکار نے بدھ کے روز اپنے ايک بيان ميں کہا کہ فائر بندی سے متعلق مذاکرات ميں پيش رفت ضرور ہوئی ہے تاہم ان کی تنظيم کو اس حوالے سے تفصيلی يقين دہانی چاہيے کہ اسرائيل غزہ پٹی کی ناکہ بندی ترک کر دے گا۔ اس اہلکار کے مطابق فائر بندی کے ليے بات چيت مثبت رہی اور آئندہ کچھ دنوں ميں اس کا نتيجہ سامنے آ سکتا ہے۔

دريں اثناء غزہ پٹی ميں اسرائيلی کارروائی 17 ويں دن بھی جاری ہے۔ جمعرات کو صبح تک مزيد اٹھارہ فلسطينيوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے جبکہ بدھ کے روز مجموعی طور پر 66 فلسطينی ہلاک ہوئے۔ غزہ ميں اسرائيلی کارروائی کے نتيجے ميں فلسطينی ہلاکتوں کی تعداد جمعرات کی صبح تک 714 تک پہنچ گئی ہے۔ اسرائيلی فوج نے بتايا کہ بدھ کے روز اس کے تين مزيد فوجی ہلاک ہوئے، جس کے بعد سترہ جولائی کو زمينی کارروائی کے آغاز سے اب تک کُل 32 اسرائيلی فوجی ہلاک ہو چکے ہيں۔

ادھر حماس نے اپنے ايک اور بيان ميں متعدد ايئر لائن کمپنيوں کی طرف سے تل ابيب کے Ben Gurion نامی ہوائی اڈے کی جانب اپنی پروازيں منسوخ کرنے کے فيصلے کا خير مقدم کرتے ہوئے اس پيش رفت کو اپنے ليے کاميابی سے تعبير کيا ہے۔ حماس کے ترجمان سميع ابو زہری کے بقول ’يہ اسرائيل کے ليے ناکامی کے مساوی ہے۔‘ يہ امر اہم ہے کہ حماس کے جنگجوؤں کی طرف سے منگل کے روز داغا جانے والا ايک راکٹ اس ہوائی اڈے کے قريب گرا تھا اور ايئر لائن کمپنيوں نے احتياطی تدبير کے طور پر يہ عارضی قدم اٹھايا ہے۔