عظیم یورپی محب وطن ہیلموٹ کوہل کون تھے؟
سابق جرمن چانسلر ہیلموٹ کوہل کی آج آخری رسومات ادا کی جا رہی ہیں۔ کوہل کو یہ اعزاز حاصل تھا کہ ان کے دور حکومت میں جرمنی کے دو حصوں کے درمیان اتحاد ہوا۔ وہ 16 برس تک جرمنی کے چانسلر رہے۔
طویل ترین عرصے تک چانسلر رہنے کا اعزاز
ہیلموٹ کوہل 1982ء سے 1998ء تک جرمنی کے چانسلر رہے ہیں۔ ان کے 16 سالہ دور اقتدار ہی کے دوران 1989ء میں سابق مشرقی جرمن اور مغربی جرمن ریاستوں کا اتحاد ہوا اور اس سے قبل سرد جنگ کے خاتمے پر دیوار برلن گرا دی گئی تھی۔ 1998ء میں انتخابی شکست کے بعد انہوں نے 25 برس بعد کرسچین ڈیموکریٹک یونین CDU کی سربراہی سے استعفے دے دیا۔
آڈیناؤر کے دور سے سیاست کا آغاز
ہیلموٹ کوہل نے 1947ء میں اپنے آبائی شہر لڈوِگزہافن میں بطور شریک بانی کرسچین ڈیموکریٹک یونین کی بنیاد ڈالی۔ انہوں نے 1950ء کے بعد پہلے قانون اور تاریخ اور پولیٹیکل سائنس کے شعبوں میں تعلیم مکمل کی۔ وہ سیاسی افق پر تیزی سے ترقی کرتے گئے اور 1966ء سے وہ CDU کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن رہے۔
نوجوان ریاستی وزیراعظم
1966ء میں ہیلموٹ کوہل رائن لینڈ پلاٹینیٹ صوبے میں CDU کے علاقائی چیئرمین منتخب ہوئے۔ 1969ء میں وہ اس ریاست کے وزیراعظم منتخب کر لیے گئے۔ اس کے دو برس بعد ہی ہیلموٹ کوہل کی سربراہی میں CDU نے ریاست رائن لینڈ پلاٹینیٹ میں مکمل اکثریت حاصل کر لی۔
ربع صدی کے لیے CDU کے چیئرمین
جون 1973ء میں ہیلموٹ کوہل کو CDU کو قومی سطح کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔ اس کے بعد وہ 25 برس تک اس عہدے پر برقرار رہے۔ یہ تصویر انتخاب کے بعد کی ہے۔ بون میں لی گئی اس تصویر میں ان کے ساتھ پارٹی کے نومنتخب جنرل سیکرٹری کُرٹ بیڈنکوپف خوشگوار موڈ میں نظر آ رہے ہیں۔
سیاسی زندگی میں ہلچل
1982ء میں چانسلر ہیلموٹ شمٹ کی حکومت میں شامل اتحاد SPD اور FDP کے درمیان تناؤ پیدا ہو گیا۔ FDP نے ہیلموٹ کوہل کی جماعت CDU کے ساتھ اتحاد کر لیا اور تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہیلموٹ شمٹ کی حکومت کا خاتمہ کر دیا۔ اس بعد ہیلموٹ کوہل نئے سربراہ حکومت بن گئے۔ تصویر میں ہیلموٹ شِمٹ نئے چانسلر ہیلموٹ کوہل کو مبارکباد دے رہے ہیں۔
مصالحت کا بے مثال مظاہرہ
ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے ہیلموٹ کوہل اور فرانسیسی صدر فرانسوا متراں کی یہ تصویر دنیا بھر میں مقبول ہوئی۔ یہ تصویر 1984ء میں جرمنی اور فرانس کی مصالحتی تقریب کے موقع پر لی گئی جو فرانسیسی شہر ویرداں کے فوجی قبرستان میں منعقد ہوئی۔ اس مقام پر فرانس اور جرمنی نے 1916ء میں جنگ لڑی تھی۔ دونوں رہنماؤں کی یہ تصویر مصالحت کا ایک بے مثال مظاہرہ قرار دیا گیا۔
جرمن اتحاد
1989ء میں دیوار برلن گرنے کے بعد ہیلموٹ کوہل نے جرمنی کے دونوں حصوں کے اتحاد کے لیے بین الاقوامی مذاکرات کا آغاز کیا۔ تین اکتوبر 1990ء کو مشرقی اور مغربی جرمنی کا اتحاد ہو گیا۔ اس تصویر میں ہیلمٹ کوہل جرمن پارلیمان کی سیڑھیوں پر اپنی سابق بیوی ہینیلور اور دیگر جرمن سیاستدانوں کے ساتھ موجود ہیں۔
میرکل کے سیاسی گرو
ہیلمٹ کوہل کو موجود ہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا سیاسی گُرو قرار دیا جاتا ہے۔ انہی نے میرکل کو پہلی بار 1991ء میں بطور وزیر اپنی کابینہ میں شامل کیا تھا۔
16 برس کے بعد شکست
ستمبر 1998ء میں ہونے والے انتخابات میں CDU کو ہیلمٹ کوہل کی سربراہی میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جو دراصل ان کی بطور چانسلر حکمرانی کا اختتام بھی ثابت ہوا۔ وہ جرمنی کے سب سے طویل عرصے تک یعنی مسلسل 16 برس چانسلر رہنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔
پارٹی فنڈنگ کا اسکینڈل
سال 2000ء میں ہیلموٹ کوہل پر پارٹی فنڈنگ میں گڑ بڑ کے اسکینڈل کا سامنا کرنا پڑا۔ جرمن پارلیمان کے اسپیکر کی طرف سے غلط اکاؤنٹنگ رپورٹس کی وجہ سے CDU پر 40 ملین ڈوئچ مارک کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ اس صورتحال کے باعث کوہل نے کرسچین ڈیموکریٹک یونین کی اعزازی چیئرمین شپ کو بھی چھوڑ دیا۔
تکلیف دہ نقصان
جولائی 2001ء میں ہیلموٹ کوہل کی اہلیہ ہانیلور نے خودکشی کر لی۔ اس کی وجہ ان کی ایک شدید بیماری تھی۔ دونوں کی شادی 41 برس تک قائم رہی۔ اس تصویر میں اس جوڑے کے دو بیٹے والٹر اور پیٹر کوہل اپنے والد کے ساتھ میموریل سروس کے دوران نظر آ رہے ہیں۔
نئی محبت
اہلیہ کی وفات کے چار برس بعد ہیلموٹ کوہل نے اپنی جونیئر ساتھی اور ماہر اقتصادیات مائیکے رِشٹر سے شادی کر لی جو عمر میں ان سے 34 برس چھوٹی تھیں۔ دونوں نے 2008ء میں شادی کی۔
پوپ سے پرائیویٹ ملاقات
ستمبر 2012ء میں پوپ بینیڈکٹ شانزدھم کے دورہ جرمنی کے دوران کوہل اور ان کی اہلیہ مائیکے کوہل رِشٹر نے پوپ سے پرائیویٹ ملاقات کی۔ یہ ملاقات 25 منٹ تک جاری رہی۔
یادگاری ٹکٹ
کوہل کی جرمنی اور یورپ کے لیے خدمات کے اعتراف کے طور پر 2012ء میں جرمنی میں ان کے نام پر ایک یادگاری ٹکٹ جاری کیا گیا۔ ایسا بہت ہی کم ہوا ہے کہ کسی شخصیت کو اس کی زندگی میں ہی یہ اعزاز ملا ہو۔