1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراقی وزیر اعظم پر شدید پارلیمانی دباؤ

کشور مصطفیٰ29 اکتوبر 2015

عراق کے حکمران اتحاد ’اسٹیٹ آف لا‘ کے ساٹھ اراکین نے وزیراعظم حیدر العبادی کو خبردار کیا ہے کہ اگر کل یعنی جمعے تک اُن کے مطالبات کا مثبت جواب نہ دیا گیا تو وہ وزیراعظم کے اصلاحاتی عمل کی حمایت ترک کر دیں گے۔

https://p.dw.com/p/1Gwcq
تصویر: Reuters/K. al-Mousily

اراکین پارلیمنٹ کا وزیراعظم سے مختلف معاملات پر وسیع تر مشاورت کا مطالبہ کیا ہے۔ اس حوالے سے عراقی حکمران اتحاد ’دولت القانون‘ کے ممبرانِ پارلیمان کی جانب سے ایک خط منگل اور بدھ کی درمیانی شب وزیراعظم کو روانہ کیا گیا تھا، جس میں یہ دھمکی دی گئی تھی کہ اگر اُن کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو وہ اصلاحاتی عمل کی حمایت ترک کر دیں گے۔

عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے رواں برس اگست میں حکومتی اداروں میں کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف شروع ہونے والے عوامی مظاہروں کے بعد اصلاحاتی عمل شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Symbolbild Irak Kabinett Diskussion Parlament
عراقی پارلیمان کا اجلاستصویر: Reuters/Iraqi PM Media Office

عراقی پارلیمان کے اراکین نے خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ بُدھ کو وزیراعظم حیدر العبادی سے اُن کی بات چیت غیر تسلی بخش رہی اور اس میں بہت کم اراکین شامل ہوئے۔ ان اراکین کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنے مطالبات کے بارے میں وزیراعظم کو بھیجے گئے خط کے تحریری جواب کے منتظر ہیں۔ اس اتحاد کے ایک رُکن کا کہنا تھا،’’ اگر ہمیں کوئی تحریری جواب نہیں ملا تو اگلا قدم یہ ہو گا کہ پارلیمان میں ویزراعظم پر دباؤ ڈالا جائے گا‘‘۔

العبادی نے اگست کے ماہ میں اس اصلاحاتی مہم کا اعلان اُس وقت کیا تھا جب OPEC کے ایک اہم تیل پیدا کرنے والے ملک عراق میں پانی اور بجلی کے ناقص نظام پر سخت احتجاج شروع ہوا تھا۔

Proteste gegen Korruption und Missmanagement im Irak
عراقی سیاسی اداروں میں کرپشن کی وجہ سے عوام اور سیاسی سطح پر سخت احتجاج ہو رہا ہےتصویر: Reuters/T. Al-Sudani

تب عراق کی پارلیمنٹ میں ووٹنگ سے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ بہت سے ایسے سینئر سیاسی دفاتر ختم کردیے جائیں گے جن پر عراق کے طاقتور ترین افراد کی پشت پناہی اور دیگر کرپشن کے الزامات عائد ہیں۔

ان اصلاحاتی اقدامات کو چند سیاسی لیڈروں کی طرف سے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا جن کا یہ کہنا تھا کہ یہ اقدامات غیر آئینی ہیں اور وزیراعظم کی طاقت کو کم کرنے کے مترادف ہیں۔

عراقی حکمران اتحاد ’دولت القانون‘ کی جانب سے العبادی کو بھیجے گئے خط پر دستخط کرنے والوں میں سابق وزیر اعظم نوری المالکی کے کئی حامی بھی شامل ہیں۔ نوری المالکی کو ستمبر 2014 ء میں برطرف کر کے حیدر العباردی کو وزیر عظم منتخب کر لیا گیا تھا۔