1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراق میں تشدد کے واقعات میں چودہ افراد ہلاک، درجنوں زخمی

26 اگست 2011

آج جمعے کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق عراق میں کل جمعرات کو ہونے والے تشدد کے مختلف واقعات میں کم از کم چودہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/12O0G
تصویر: AP

جنوبی شہر بصرہ میں شیعہ مسلمانوں کی ایک مسجد کے نزدیک ہونے والے کار بم دھماکے میں چار افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ بصرہ کی صوبائی کونسل کی سلامتی کمیٹی کے سربراہ علی غنیم المالکی نے بتایا کہ حملہ آور نے لوگوں کو اس وقت ہدف بنایا جب وہ شہر کے ضلع ابو خصیب کی داؤد العاشور مسجد سے باہر نکل رہے تھے۔ طبی ذرائع نے دھماکے میں مرنے والے افراد کی تعداد تین بتائی ہے۔

دھماکے کے مقام سے قریب رہنے والے ایک شخص لیث حیال نے کہا، ’’دھماکہ مسجد کے نزدیک ایک گیراج میں ہوا اور تباہ ہونے والی گاڑی کے ٹکڑے میرے گھر میں آ کر گرے۔‘‘ دھماکے کی جگہ پر موجود ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ دھماکے کے باعث نزدیک کھڑی گاڑیوں اور دکانوں میں آگ لگ گئی۔

عراقی دارالحکومت سے پچاس کلومیٹر مغرب کی جانب فلوجہ شہر میں ایک خودکش بمبار نے اپنی گاڑی ایک پولیس چوکی سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں چار پولیس اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔ فلوجہ میں ہی ہونے والے ایک اور حملے میں حفاظتی گشت کرنے والے تین عراقی فوجی سڑک کنارے نصب ایک بم کے پھٹنے سے زخمی ہو گئے۔

بغداد سے تیس کلو میٹر شمال مغرب میں گرما نامی قصبے میں ہونے والے دو دھماکوں میں تین پولیس اہلکار مارے گئے جبکہ پانچ زخمی ہوئے۔ پہلا دھماکہ ایک خودکش حملہ جبکہ دوسرا کار بم حملہ تھا۔

عراقی دارالحکومت کے شمال مشرقی علاقے میں ملکی فوج کے ایک گشتی دستے کے نزدیک کھڑی گاڑی میں بم دھماکہ ہوا، جس سے ایک شخص ہلاک اور چودہ زخمی ہو گئے۔ وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ زخمیوں میں دس فوجی بھی شامل ہیں۔

دریں اثناء بغداد میں ایک بم حملے میں ایک شخص مارا گیا جبکہ موصل میں سڑک کنارے نصب ایک بم دھماکے میں ایک فوجی ہلاک ہو گیا۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں