1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراق ميں اغواء ہونے والے بھارتی شہريوں کی ہلاکت کی تصديق

20 مارچ 2018

بھارت نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی جانب سے مبينہ طور پر عراق میں  2014ء میں اغواء کيے جانے والے 39 بھارتی شہری ہلاک کر دیے گئے ہیں اور ان کی لاشیں بھی مل گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2udCQ
Indien Außenministerin Sushma Swaraj
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Swarup

بھارتی پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے ملکی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ ان افراد کی لاشیں ایک اجتماعی قبر سے ملی ہیں اور ڈی این ٹیسٹ بھی یہ ثابت کرتے ہیں کہ یہ وہی بھارتی شہری ہیں، جو عراق کے شہر موصل سے لاپتہ ہو گئے تھے۔ وزیر خارجہ نے کہا،’’ میں ثبوت کے بنیاد پر کہتی ہوں کہ 39 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔‘‘ نئی دہلی حکومت کا کافی عرصے سے يہ موقف رہا ہے کہ جب تک اس کے پاس ثبوت نہیں ہوں گے، تب تک ان افراد کو مردہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔

سوراج نے پارلیمان کو بتایا کہ بغداد کی انتظامیہ نے زمین میں زیادہ گہرائی تک جانے والے رڈار کے ذریعے اجتماعی قبر کی نشاندہی کی تھی، جہاں سے ان بھارتی شہریوں کی لاشیں ملی ہیں۔ پارلیمان میں حزب اختلاف کے ارکان اور ہلاک شدگان کے اہل خانہ نے کہا کہ کافی عرصے تک حکومت نے انہیں اندھیرے میں رکھا۔ کانگريس پارٹی کے رکن ششی تہور نے ایک ٹوئٹ میں لکھا،’’ حکومت نے عوام کو کیوں جھوٹی تسلیاں دیں کہ ساڑھے تین سال بعد بھی یہ لوگ زندہ تھے؟‘‘

 تین برس قبل ان افراد کو عسکریت پسندوں نے موصل شہر سے اغوا کیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ تمام افراد ایک تعمیراتی کمپنی کے ملازم تھے۔ سشما سوراج نے بتایا کہ ان افراد کو قتل کرنے کے بعد دفن کر دیا گیا تھا۔

ب ج/ع س، روئٹرز، اے ایف پی