ماحولیاتی اہداف کے حصول کے لیے چینی تعاون ناگزیر، جرمن وزیر
23 جون 2024رابرٹ ہابیک ایک اعلیٰ سطحی حکومتی وفد کے ساتھ ان دنوں چین کے دورے پر ہیں۔ کل ہفتے کے روز انہوں نے چینی دارالحکومت بیجنگ میں دونوں ممالک کی حکومتوں کے وفود کے مشترکہ اجلاس کی سطح پر مذاکرات بھی کیے تھے۔
آج اتوار 23 جون کو جرمنی کے نائب چانسلر نے جنوبی چین کے شہر ہانگ ژُو کے ایک دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ''چینی مدد کے بغیر تحفظ ماحول کے عالمی اہداف کا حصول ممکن نہیں ہو گا۔‘‘
یوکرینی جنگ میں روس کی حمایت سے چینی جرمن روابط متاثر، جرمن وزیر کی تنبیہ
ہابیک نے صحافیوں کو بتایا، ''اس وقت کئی دوسرے معاملات اور موضوعات بظاہر اس اشد ضرورت پر حاوی محسوس ہوتے ہیں کہ عالمی درجہ حرارت میں کمی کے لیے فوری اقدامات کیے جانا چاہییں۔ اس وقت لیکن ایک کلیدی چیلنج یہ بھی ہے کہ اس حوالے سے چین کو ساتھ لے کر چلنا اور بیجنگ کے ساتھ تعاون بڑھانا بھی ناگزیر ہے۔‘‘
جرمن وزیر اقتصادیات نے اس موقع پر کہا کہ چینی حکام نے ان کے ساتھ مذاکرات میں بتایا کہ چین سلامتی کی وجوہات کے باعث اپنے ہاں کوئلے کی پیداوار میں اضافہ کر رہا ہے۔
جرمنی کے نائب سربراہ حکومت نے توانائی کے لیے کوئلے پر انحصار سے متعلق چینی موقف کی اپنی طور پر وضاحت کرتے ہوئے کہا، ''چین بھی بہت بڑی مقدار میں تیل اور گیس درآمد کرتا ہے۔ اور چین یہ بھی پہلے ہی دیکھ چکا ہے کہ یورپ اور جرمنی کے ساتھ گزشتہ دو برسوں میں کیا کچھ ہوا۔‘‘
کیا یوکرین جنگ میں روس کے لیے چینی حمایت اہم ہے؟
اس بیان میں رابرٹ ہابیک کی مراد دو سال سے زیادہ عرصہ قبل یورپ میں پیدا ہونے والا توانائی کا وہ بحران تھا، جو روس کی طرف سے یوکرین میں فوجی مداخلت کے ساتھ شروع ہوا تھا۔
جرمن وزیر برائے تحفظ ماحول نے تاہم یہ بات بھی زور دے کر کہی کہ چین کو توانائی کے لیے لازمی طور پر کوئلے کا کوئی نہ کوئی محفوظ متبادل تلاش کرنا ہی ہو گا۔
کیا فوسل فیول کا استعمال مکمل طور پر ختم کیا جا سکتا ہے؟
چین: ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والا سب سے بڑا ملک، چند اہم حقائق
جرمنی کی گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والے رابرٹ ہابیک نے ہانگ ژُو مین صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں مزید کہا، ''آپ کو چین کو یہ سمجھانے کی ضرورت نہیں کہ کاربن گیسوں کا بہت زیادہ اخراج ماحول کے لیے کتنا تباہ کن ہے۔ یہ بات چین بھی اچھی طرح سمجھتا ہے۔‘‘
''لیکن کسی محفوظ متبادل کے ساتھ بھی چین اپنے لیے سلامتی کے احساس کو اس طرح یقینی بنا سکتا ہے کہ اس کے لیے کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کی تعداد بہت کم کر دی جائے۔‘‘
جرمنی میں زہریلی کاربن گیسوں کا اخراج سات عشروں کی اپنی نچلی ترین سطح پر
کل ہفتے کے روز رابرٹ ہابیک کے دورہ چین کے دوران چین اور یورپی یونین کے حکام نے کہا تھا کہ ان کے مابین دوطرفہ مذاکرات کا آغاز پر اتفاق ہو گیا ہے۔ یہ مذاکرات یورپی یونین کی طرف سے مجوزہ ان محصولات کے بارے میں کیے جائیں گے، جو یونین نے یورپی منڈی میں چینی ساختہ الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد پر عائد کرنے کی تجویز دی ہے۔
م م / ا ا (روئٹرز، ڈی پی اے)