1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی برادری کی اسرائیل پر برہمی

3 نومبر 2011

امریکہ سمیت عالمی برادری نے یونیسکو میں فلسطینیوں کے لیے رکنیت کے فیصلے کے بعد اسرائیل کی جانب سے ویسٹ بینک اور مشرقی یروشلم میں آبادکاری کے منصوبوں میں تیزی کے اعلان کی مذمت کی ہے۔

https://p.dw.com/p/134H8
تصویر: picture alliance/landov

وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنی کا کہنا ہے، ’’یروشلم اور مغربی کنارے میں تعمیراتی کام میں تیزی کے کل (منگل) کے فیصلے سے ہمیں بہت مایوسی ہوئی ہے۔‘‘

کارنی کے مطابق واشنگٹن انتظامیہ پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ یکطرفہ اقدامات براہ راست مذاکرات کی کوششوں کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔

امریکہ کے ساتھ ساتھ یورپی اور عرب حکام نے بھی یروشلم حکومت کے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ انہیں اسرائیلی فیصلے پر گہری تشویش ہے۔ ان کے ترجمان مارتن نيسيركی کے مطابق سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ فریقین کو اشتعال انگیزی سے پرہیز کرنا چاہیے۔

یورپی یونین کی سربراہ برائے خارجہ امور کیتھرین ایشٹن نے کہا، ’’یونیسکو میں فلسطینیوں کی شمولیت کے ردِ عمل پر آباد کاری کے کاموں کو تیز کرنے کے لیے تازہ فیصلوں پر مجھے بہت تشویش ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ مشرقی یروشلم سمیت دیگر علاقوں میں آبادکاری کے اسرائیلی منصوبے بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی ہیں۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ترجمان اشٹیفان زائبرٹ کا کہنا ہے کہ برلن حکومت اسرائیل سے آباد کاری کے کام روکنے کا مطالبہ کرتی ہے۔

فرانس کی وزارت خارجہ کے مطابق پیرس حکومت اسرائیل کے اس فیصلے کی مذمت کرتی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان برنارڈ فالیرو نے کہا کہ ایسے اقدامات اسرائیل پر عائد عالمی ذمہ داریوں کے خلاف ہیں۔

NO FLASH Israel Palästina Siedlung Siedlungsbau Bethlehem Westjordanland
اسرائیل نے آباد کاری کا عمل تیز کرنے کا اعلان کیا ہےتصویر: picture alliance/dpa

برطانوی سیکریٹری خارجہ ویلیم ہیگ کا کہنا ہے، ’’ہم امن کی جانب پیش قدمی دیکھنا چاہتے ہیں، ایسے اقدامات نہیں جن سے فریقین کے درمیان دُوریاں بڑھیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ لندن حکومت اسرائیل کی جانب سے اس فیصلے کی واپسی چاہتی ہے۔ روس اور اٹلی نے بھی اس اسرائیلی فیصلے کی مذمت کی ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ تعمیراتی کاموں میں تیزی لانے کا فیصلہ فلسطینیوں کے لیے یونیسکو میں شمولیت پر سزا نہیں بلکہ اسرائیل کا بنیادی حق ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں