1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صحافيوں کے ليے عدم تحفظ کے معاملے ميں ’بد ترين‘ ملک عراق

3 مئی 2013

’کميٹی ٹو پروٹيکٹ جرنلسٹس‘ نے جمعرات کو جاری کردہ اپنے اعداد و شمار ميں عراق کو ان ممالک کی فہرست ميں ’خراب ترين‘ قرار ديا ہے، جہاں صحافيوں کی ہلاکت پر حکومت کوئی موثر کارروائی نہيں کر پاتی۔

https://p.dw.com/p/18R0k
تصویر: picture-alliance/dpa

پچھلی قريب ايک دہائی کے دوران عراق ميں کم از کم 93 صحافی مارے جا چکے ہيں، جب کہ اس سلسلے ميں ايک بھی مجرم گرفتار نہيں کيا گيا ہے۔ يہی وجہ ہے کہ صحافيوں کی حفاظت سے متعلق بين الاقوامی تنظيم نے ورلڈ پريس فريڈم ڈے کے سلسلے ميں گزشتہ روز عراق کو ان ممالک کی فہرست ميں خراب ترين قرار ديا ہے، جہاں صحافی عدم تحفظ کا شکار ہيں۔

اس انڈيکس ميں وہ ملک شامل ہيں، جن ميں کم از کم پانچ صحافيوں کی ہلاکت کے سلسلے ميں تاحال کوئی نتيجہ خيز کارروائی نہيں کی گئی ہے۔ اس فہرست ميں مجموعی طور پر بارہ ملک شامل ہيں، جن ميں عراق کے علاوہ صوماليہ، فلپائن، سری لنکا، کولمبيا، افغانستان، پاکستان، برازيل اور بھارت بھی ہيں۔

رپورٹوں اور تحقيق کی روشنی ميں افريقی ملک نائجيريا کو بھی اس بار اس فہرست ميں شامل کيا گيا ہے۔ اس سلسلے ميں نائجيريا ميں آزادی صحافت سے متعلق ايک گروپ ميڈيا رائٹس ايجنڈا کے ايک سينيئر اہلکار Ayode Longe نے کہا، ’’صحافيوں کی ہلاکتوں کی تحقيتات سنجيدگی سے نہيں کی جاتيں اور اکثر اوقات اصل مجرمان بھی گرفتار نہيں ہوتے۔‘‘ اس اہلکار کے بقول قانون کی گرفت کمزور ہونے کی وجہ سے ہی مزيد طاقتيں اس جانب راغب ہوتی ہيں کيوں کہ انہيں پکڑے جانے کا کوئی خوف نہيں ہوتا۔

Meinungsfreiheit Pressefreiheit freedom of speech
تصویر: picture-alliance/dpa

ہلاکتوں کی بھاری تعداد کے باوجود کميٹی ٹو پروٹيکٹ جرنلسٹس کے انڈيکس ميں شام شامل نہيں ہے کيوں کہ وہاں ہونے والی ہلاکتيں جنگی حالات ميں ہوئی ہيں۔

اس سال نيپال کو بہتر کارکردگی کی بنياد پر اس فہرست سے خارج کر ديا گيا ہے جب کہ صحافی Anna Politkovskaya کے قتل کی تحقيقات کے تناظر ميں روس کی پوزيشن بھی قدرے بہتر قرار دی گئی ہے۔ تاہم روس اب بھی اس فہرست ميں شامل ہے۔

کميٹی ٹو پروٹيکٹ جرنلسٹس کے مطابق اس فہرست کا مقصد صحافيوں کے خلاف ہونے والے پرتشدد واقعات اور ايسی صورتوں ميں متعلقہ حکومتوں کی غير نتيجہ خيز يا ناقص کارکردگی کی طرف عالمی طور پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔

واضح رہے کہ آج تين مارچ کو دنيا بھر ميں ورلڈ پريس فريڈم ڈے منايا جا رہا ہے۔

as/at (dpa)