شُعبہ بازار، غیر ملکی گاڑیوں کے ’کابلی‘ پرزہ جات کا مرکز
کہا جاتا ہے کہ غیرملکی اور قیمتی گاڑی رکھنا آسان ہے لیکن اُس کی مرمت اور دیکھ بھال قدرے مشکل کام ہے، کیونکہ اِن گاڑیوں کے اضافی پرزہ جات آسانی سے دستیاب نہیں ہوتے۔ لیکن پشاور کے شعبہ بازار نے یہ مسئلہ حل کر دیا ہے۔
چار دہائیوں سے مشہور
پشاور شہر کے عقب میں واقع شعبہ بازار تقریباﹰ گزشتہ چار دہائیوں سے گاڑیوں کے ہرقسم کے اضافی پرزہ جات کی خریداری کے لئے مشہور ہے۔
مکمل انجن
اس مارکیٹ میں ہرقسم کی چھوٹی بڑی گاڑیوں کے مکمل انجن آسانی کے ساتھ گاہگوں کے لئے دستیاب ہیں۔ دُکانداروں کے مطابق یہاں پر ایسے انجن بھی موجود ہیں جس میں گاڑی بمشکل چند کلومیٹر ہی چلی ہوگی۔
افغانستان سے اسمگلنگ
اس مارکیٹ میں موجود تمام تراسپیئر پارٹس طورخم کے راستے افغانستان سے ہتھ گاڑیوں پر یا خچروں پر لاد کر لائے جاتے ہیں، یا پھر لوگ خود دشوارگزار راستوں سے ان پرزوں کو اسمگل کرتے ہیں۔
الگ الگ دکانیں
شعبہ بازار کی ایک اَہم خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہاں پر گاڑیوں کے مختلف سازوسامان کے لئے الگ الگ دُکانیں ہیں۔ جہاں پر یہ پرزے خوب صورت انداز میں آویزاں نظر آتے ہیں۔
کم قیمت پرزے
اگر ایک طرف شعبہ مارکیٹ میں گاڑیوں کے تمام پارٹس باآسانی دستیاب ہیں تو دوسری جانب اسمگلنگ کا سامان ہونے کی وجہ سے ان کی قیمتیں بھی عام مارکیٹ سے کم ہیں۔
چھوٹے کَل پرزے بھی حاصل
شعبہ مارکیٹ کو اہمیت اس لئے بھی حاصل ہے کیونکہ یہاں پر نہ صرف مختلف قیمتی گاڑیوں کے حصّے دستیاب ہیں بلکہ گاڑیوں کے انجن کے ایسے چھوٹے پرزے بھی مل جاتے ہیں جن کا عام طور سے مارکیٹ میں ملنا مشکل ہوتا ہے۔
پنجاب اور سندھ کے گاہک
حاجی گل احمد کے بقول، وہ گزشتہ تیس برسوں سے اسپیئرپارٹس کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ گل احمد کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے علاوہ گاڑیوں کے اضافی پرزہ جات کے طلبگار پنجاب اور سندھ سے بھی شعبہ بازار کا رخ کرتے ہیں۔
دیرپا اور پائیدار انجن
مراد شاہ کا تعلق نوشہرہ سے ہے۔ وہ اپنی خراب گاڑی کے لئے نیا انجن خریدنے پشاور آئے ہیں۔ اُن کے مطابق یہاں کابلی انجن دیرپا اور پائیدار ہوتے ہیں، جو براہ راست جاپان سے لائے جاتے ہیں۔
سستے اسپیئر پارٹس
شعبہ مارکیٹ کے بارے میں عام لوگوں کا خیال ہے کہ یہاں پر موجود گاڑیوں کے پارٹس اصلی، پائدار اور سستے ہوتے ہیں جبکہ مارکیٹ میں موجود پارٹس میں نقلی اور غیر پائیدار ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔
دو سو ورکشاپیں
شعبہ بازار میں جہاں ایک ہزار سے زائد اسپیئر پارٹس کی دکانیں ہیں وہیں اس مارکیٹ میں لگ بھگ دو سو مکینکوں کی ورکشاپیں بھی ہیں جو گاڑیوں کی مرمت کا کام کرتے ہیں۔
اعلی کوالٹی کے ٹائر
گاڑیوں کے انجن اور باڈی پارٹس کے علاوہ اس مارکیٹ میں جاپان، دبئی اور دوسرے ممالک سے لائی گئی گاڑیوں کے ٹائر بھی دستیاب ہیں۔ ان ٹائروں میں چھوٹی گاڑیوں سے لے کر ٹرک اور ٹرالر تک کے اعلیٰ کوالٹی کے ٹائر شامل ہیں۔
نئے بمپر اور ہیڈ لائٹیں
دکاندار اکبرعلی کہتے ہیں، ’’پاکستان میں موجود نئی سے نئی گاڑی کے بمپر اور ہیڈلائٹیں ہمارے پاس موجود ہیں۔‘‘ اکبر علی کے بقول وہ یہ سامان جاپان سے خود خرید کر پاکستان لاتے ہیں، تاہم ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی سے بچنے کے لئے وہ یہ سامان افغانستان کے نام پر منگواتے ہیں۔
گارنٹی شدہ سامان
شعبہ مارکیٹ میں پرانے اسپیئرپارٹس کے کاروبار سے بارہ سال سے وابستہ شاہ عالم کی رائے میں زیادہ تر لوگ یہاں کا رخ اس لئے کرتے ہیں کیونکہ خریدار کو یہ سامان گارنٹی پر دیا جاتا ہے جبکہ عام دُکانوں میں کوئی گارنٹی نہیں دی جاتی۔
کابلی یا افغانی پارٹس
شعبہ بازار میں کیونکہ گاڑیوں کے تمام تر اضافی پرزے افغانستان سے لائے جاتے ہیں اس لئے پشاور اور خیبرپختونخوا کے دوسرے علاقوں میں یہاں ملنے والے پارٹس کو ’کابلی یا افغانی‘ پارٹس کا نام دیا گیا ہے۔