1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی امریکا کا پہلا اسلامی آرٹ میوزیم

امتیاز احمد11 ستمبر 2014

آئندہ ہفتے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پہلے اسلامی آرٹ میوزیم اور ثقافتی سینٹر کا افتتاح کیا جائے گا۔ شمالی امریکا میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا مرکز ہو گا جبکہ اس منصوبے کے لیے مالی وسائل پرنس آغا کریم نے فراہم کیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1DAYP
تصویر: Jordi Cami/Cover/Getty Images

اس میوزیم میں اسلامی آرٹ کے ایک ہزار سے زائد نمونے بھی رکھے جائیں گے، جن میں قرآن کے ایسے نسخے بھی شامل ہوں گے، جو ساتویں اور آٹھویں صدی میں ہاتھ سے لکھے گئے تھے۔ کینیڈا اور امریکا کے کئی عجائب گھروں میں اسلامی آرٹ کے نمونے رکھے ہوئے ہیں لیکن یہ وہ پہلا میوزیم ہو گا، جہاں صرف اور صرف اسلامی فنون لطیفہ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اس میوزیم کا باقاعدہ افتتاح اٹھارہ ستمبر کو ہو گا۔

Ausstellung im Islamischen Museum in Sharjah - The Ethnography of Islam
تصویر: sharjahmuseums.ae

مجموعی طور پر 17 ایکڑ رقبے پر پھیلے ہوئے اس منصوبے پر 274 ملین ڈالر خرچ کیے گئے ہیں۔ اس کا نام آغا خان میوزیم رکھا گیا ہے جبکہ اس سے ملحقہ ایک اسماعیلی سینٹر بھی بنایا گیا ہے۔ پرنس آغا کریم شیعہ اسماعیلی فرقے کے روحانی پیشوا ہیں۔ اس میوزیم کا مقصد لوگوں کو اسلامی تاریخ سے آگاہی فراہم کرنا بتایا گیا ہے۔

اندازوں کے مطابق سالانہ دو لاکھ پچاس ہزار افراد اس میوزیم کا دورہ کر سکیں گے۔ اس میوزیم کے ڈائریکٹر ہینری کِم کا کہنا تھا کہ اس میوزیم میں رکھی گئی بہت سے اشیاء پرنس آغا خان کے خاندان کی ملکیت تھیں، جو مسلمانوں کی اسپین اور چین میں شاندار کامیابیوں کی عکاس ہیں۔

پتھر سے تیار کردہ اس عمارت کا رقبہ ساڑھے دَس ہزار مربع میٹر (ایک لاکھ تیرہ ہزار مربع فٹ) ہے اور اس کے اندر تین سو پچاس نشستوں کا ایک شاندار آڈیٹوریم بھی ہے، جس کے اندر منقش لکڑی سے تیار کردہ فریمز لگے ہوئے ہیں۔

افتتاحی تقریب میں پاکستان سے چھ ایسے فنکار شرکت کریں گے، جنہوں نے منی ایچر آرٹ، موسیقی اور پرفارمنگ آرٹس میں مہارت حاصل کر رکھی ہے۔ اس عجائب گھر میں آگے چل کر موسیقی کے پروگراموں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی کانفرنسوں اور سیمینارز کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔