1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شاہد آفریدی کی جگہ ہے، ذکاء اشرف

28 اکتوبر 2011

پاکستانی کرکٹ بورڈ کے نئے چیئر مین ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ اب بھی ایک روزہ میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/130aw
شاہد آفریدیتصویر: AP

ذکاء اشرف نے جمعہ کو سابق چیئر مین اعجاز بٹ کی جگہ اپنے فرائض سرکاری طور پر سنبھالتے ہوئے کہا کہ وہ شاہد آفریدی سے جلد ہی ملاقات کریں گے، جس میں ان کے قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔

ذکاء اشرف نے جمعہ کو لاہور میں کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا اور وہاں پاکستانی کرکٹ بورڈ پی سی بی کے مختلف اعلیٰ اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں۔ ذکاء اشرف پاکستانی کرکٹ بورڈ میں بہتری اور اصلاحات کے لیے کئی سابق کرکٹرز سے ملاقاتوں کا ارادہ بھی رکھتے ہیں، جن میں پاکستان کے معروف سابق کرکٹر اور سیاستدان عمران خان بھی شامل ہوں گے۔

شاہد خان آفریدی نے پاکستانی کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ کے ساتھ اختلافات کی بنا پر بین الاقوامی کرکٹ سے احتجاجی طور پر ریٹائر ہونے کا اعلان کیا تھا۔ دورہء ویسٹ انڈیز کے بعد پاکستان پہنچنے پر انہوں نے کہا تھا کہ وہ موجودہ بورڈ کے تحت کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔

Pakistan Cricket Verband Ijaz Butt
ذکاء اشرف کو اعجاز بٹ کی جگہ پی سی بی کا چیئرمین بنایا گیا ہےتصویر: AP

ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس نے بھی اسی لیے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا کیونکہ ان کے شاہد آفریدی اور چیف سلیکٹر محسن حسن خان سے اختلافات پیدا ہو گئے تھے۔ تاہم وقار یونس نے کہا تھا کہ وہ صرف اپنی ذاتی اور طبی وجوہات کی وجہ سے کوچنگ کے فرائض سے الگ ہو رہے ہیں۔

پاکستانی کرکٹ بورڈ میں ان تبدیلیوں کے بعد شاہد خان آفریدی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ اب بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے تیار ہیں کیونکہ ان کی ریٹائرمنٹ احتجاجی تھی اور اب بورڈ تبدیل ہونے کے بعد وہ کسی بھی وقت پاکستانی ٹیم میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں