1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شامی فوج کے حملوں سے فائر بندی کمزور سے کمزور تر ہوتی ہوئی

عابد حسین
3 جنوری 2017

دمشق کے نواحی علاقے میں شامی فوج کے حملوں میں شدت پیدا ہو گئی ہے۔ شامی فوج دارالحکومت کو پانی کی فراہمی کے مرکزی مقام کو اپنے قبضے میں لینے کی کوشش میں ہے۔

https://p.dw.com/p/2VBTQ
Syrien | Kämpfer der Freien Syrischen Armee
تصویر: Getty Images/AFP

دمشق کے نواحی علاقوں پر قابض باغیوں پر شامی فوج کے حملوں سے رواں ماہ کے اختتام پر ہونے والے امن مذاکرات کے انعقاد کو بھی خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ روس، ترکی اور ایران کی ضمانت سے شروع ہونے والی جنگ بندی کو صرف پانچ دن ہوئے ہیں اور ابھی سے اِس ڈیل میں دراڑیں پیدا ہونا شروع ہو گئی ہیں۔

 شامی فوج دمشق کے نواح میں واقع  علاقوں کی بازیابی کے لیے اپنے حملوں میں شدت پیدا کیے ہوئے ہے۔ اس لڑائی کی وجہ سے جنگ بندی کی ڈیل میں شامل کم از کم دس باغی گروپوں نے رواں مہینے کے اختتام پر وسطی ایشیائی ریاست قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شروع ہونے امن مذاکرات میں شرکت کو معطل کر دیا ہے۔

باغیوں کے مطابق شامی فوج مشرقی غوطہ اور وادی بردی میں قابض باغیوں پر بار بار حملے کر کے فائربندی کی خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ وہ ابھی تک جنگ بندی کا احترام کر رہے ہیں۔ باغیوں کے مطابق شامی فوج کی خلاف ورزیوں کے باعث وہ آستانہ مذاکرات کے لیے گروپوں کے درمیان جاری مذاکرات کو فی الحال منجمد کر رہے ہیں۔

Syrien Kämpfe zwischen dem IS und syrischen Truppen in Palmyra
شامی فوج کا کہنا ہے کہ وہ القاعدہ سے وابستہ ایک باغی گروپ کو نشانہ بنا رہی ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo/Militant Photo

اطلاعات کے مطابق گزشتہ کئی ایام سے شامی فوج کے جنگی طیارے دمشق سے پندرہ کلومیٹر کی دوری پر واقع وادی بردی پر روزانہ کی بنیاد پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ باغیوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر شامی فوج کے زمینی دستے حرکت کرتے ہیں تو باغی فائربندی ڈیل کو ختم سمجھیں گے۔ گزشتہ روز شامی فوج نے اپنے توپخانے کے ساتھ وادی بردی  کے قریبی دیہات پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی۔

 شامی فوج کی اِس علاقے میں دلچسپی کی وجہ دمشق کو پہنچنے والی پانی کی سپلائی ہے۔ شامی حالات پر نگاہ رکھنے والے مبصر گروپ سیریئن آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کے مطابق شامی فوج عین الفیجہ کو اپنے کنٹرول میں لانے کی کوشش میں ہے۔ اس مقام پر قبضے میں حزب اللہ کے جنگجو بھی شامل ہیں۔ عین الفیجہ سے شامی دارالحکومت میں پانی فراہم کیا جاتا ہے۔

آبزرویٹری کے مطابق حکومتی دعویٰ ہے کہ وہ القاعدہ سے وابستہ باغی گروپ  فتح الشام  کے خلاف حملے جاری رکھے ہوئے ہیں کیونکہ یہ گروپ جنگ بندی ڈیل میں شامل نہیں ہے۔ دوسری جانب باغی اِس حکومتی دعوے کی نفی کرتے ہیں۔