شام میں گزشتہ ہفتے ’تین سو روسی ہلاک یا زخمی ہوئے‘
16 فروری 2018اس معاملے سے تعلق رکھنے والے ذرائع کے مطابق ہلاک یا زخمی ہونے والے افراد شام میں سرگرم روسی نجی سکیورٹی کمپنی سے تعلق رکھنے والے جنگجو تھے۔ ایک روسی فوجی ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ شام میں گزشتہ ہفتے قریب سو روسی فائٹر ہلاک ہوئے جب کہ ایک اور ذریعے نے ان ہلاکتوں کی تعداد 80 سے زائد بتائی ہے۔
نیتن یاہو نے صورتحال بگڑنے کی دھمکی دے دی
ایف سولہ شامی میزائل سے تباہ ہوا، اسرائیلی اہلکار
شام میں امریکی حملہ، 200 افراد ہلاک، روس غصے میں
اتنی بڑی تعداد میں ان ہلاکتوں کی اطلاعات ایک ایسے وقت پر سامنے آ رہی ہیں، جب اتفاقیہ طور پر قریب اسی وقت سات فروری کو شامی شہر دیرالزور میں امریکی فورسز کی جانب سے شامی حکومتی فورسز کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔
دوسری جانب روسی حکام کا کہنا ہے کہ شام میں ’شاید پانچ روسی شہری‘ ہلاک ہوئے ہیں تاہم ان کا تعلق روسی مسلح افواج سے نہیں تھا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اگر یہ روسی ہلاکتیں امریکا کی جانب سے شامی فورسز کے خلاف کارروائی کے دوران ہوئی ہیں، تو اس سے معلوم ہوتا ہے کہ روس شامی تنازعے میں کس شدت کے ساتھ موجود ہے اور یہ خطرات بھی نظر انداز نہیں کیے جا سکتے کہ روس اور امریکا شام میں ایک دوسرے کے براہ راست مدمقابل آ جائیں۔
شام میں یہ تازہ روسی ہلاکتیں سن 2014ء میں یوکرائن کے مشرقی حصے میں شروع ہونے والے تنازعے کے بعد سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔ تب سو سے زائد روسی جنگجو مشرقی یوکرائن میں مارے گئے تھے۔ ماسکو حکومت ان الزامات کو مسترد کرتی رہی ہے کہ اس کے فوجی یا رضاکار یوکرائن میں موجود ہیں اور اس حوالے سے سامنے آنے والے اعداد و شمار کی بھی ماسکو حکومت نے کبھی تصدیق نہیں کی۔
نیوز ایجنسی اے ایف پی نے روسی عسکری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حالیہ کچھ دنوں میں زخمی ہونے والے روسی جنگجوؤں کو شام سے نکالا گیا اور وہ اب مختلف فوجی ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
ان مریضوں کا علاج کرنے والے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دن سے اب تک ان کے ہسپتال میں پچاس سے زائد زخمی منتقل کیے جا چکے ہیں اور یہ تمام زخمی ایسے ہیں، جنہیں شام سے روس پہنچایا گیا۔ اس ڈاکٹر کے مطابق ہسپتال منتقل کیے گئے زخمیوں میں سے تیس فیصد شدید زخمی ہیں۔