1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام میں ’نو فلائی زون‘ مددگار ثابت ہو گا، شٹائن مائر

24 ستمبر 2016

شام میں باغیوں کے زیر قبضہ مشرقی حلب میں آج بروز ہفتہ بھی فضائی کارروائی کی گئی ہے۔ ادھر جرمن وزیر دفاع نے دہرایا ہے کہ شام میں قیام امن کی کوششوں کے لیے ’نو فلائی زون‘ کا قیام مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/2QY2V
Syrien Aleppo - Zerstörter Krankenwagen
تصویر: picture-alliance/AA/I. Ebu Leys

 

خبر رساں ادارے روئٹرز نے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ روس کی حمایت یافتہ شامی فضائیہ نے چوبیس ستمبر بروز ہفتہ بھی مشرقی حلب میں اپنی بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ حلب میں موجود شہری دفاع کے سربراہ عمار السلیمو نے ٹیلی فون کے ذریعے ہفتے کے روز روئٹرز کو بتایا، ’’بدقسمتی سے بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ اس وقت بھی جنگی جہاز اڑ رہے ہیں۔‘‘
شامی شہری دفاع کے رضاکاروں کے لیے ’متبادل نوبل‘ انعام
شام: امدادی قافلے پر حملہ، 18 ٹرک تباہ، الزامات کا تبادلہ
روس اور امریکا کی اقوام متحدہ میں جھڑپ

سریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے سربراہ رامی عبدالرحمان نے بھی تازہ فضائی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے، ’’فضائی حملے شدید ہیں اور مسلسل جاری ہیں۔‘‘ 

باغیوں کے زیر قبضہ مشرقی حلب کے مقامی باسیوں کا بھی کہنا ہے کہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعے کے دن بھی جنگی طیاروں نے باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔ 

اطلاعات ہیں کہ اس تازہ کارروائی کی وجہ سے مشرقی حلب میں کم ازکم نوّے افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ جمعے کو کی گئی بمباری میں 47 شہری بھی مارے گئے تھے، جن میں سات بچے شامل تھے۔ ان کارروائیوں کی وجہ سے مشرقی حلب میں بجلی کا نظام منقطع ہو گیا ہے جب کہ پانی، خوراک اور امدادی سامان کی قلت بھی شدید ہوتی جا رہی ہے۔

اس صورت حال میں جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر نے کہا ہے کہ شام میں نو فلائی زون کا قیام ضروری ہوتا جا رہا ہے۔ جمعے کے دن نیو یارک میں جاری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب سے قبل شٹائن مائر نے کہا کہ شام سیز فائر کو مؤثر بنانے کے لیے نو فلائی زون کا قیام معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اپنے مؤقف کو دہرایا کہ  شام میں قیام امن کے لیے شامی فضائیہ اور اس کے اتحادی ملک روس کو اپنی کارروائیاں روکنا ہوں گی۔

Syrien Aleppo zerstörte Gebäude
جرمن وزیر دفاع نے دہرایا ہے کہ شام میں قیام امن کی کوششوں کے لیے ’نو فلائی زون‘ کا قیام مددگار ثابت ہو سکتا ہےتصویر: Reuters/A. Ismail

شٹائن مائر نے روس پر بھی زور دیا ہے کہ وہ شامی فضائیہ کی کارروائیوں کو روکنے کی خاطر اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔ انہوں نے اصرار کیا کہ اگر شامی صدر بشار الاسد کی حامی افواج فضائی حملے نہیں روکتیں تو اس بحران کے خاتمے کے لیے سیاسی کوششں ضائع ہو سکتی ہیں۔

دوسری طرف روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے زور دیا ہے کہ شام میں قیام امن کی خاطر روس اور امریکا کے مابین طے پانے والی ڈیل کو بچانا انتہائی ضروری ہے۔ اقوام متحدہ کی سالانہ جنرل اسمبلی سے خطاب میں انہوں نے شام میں سیز فائر ڈیل کی ناکامی کے لیے امریکا کو ذمہ دار قرار دیا۔ پیر کے دن سے اس ڈیل پر عملدرآمد ختم ہو گیا تھا۔