1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام ميں امريکی عسکری اتحاد جنگی جرائم کا مرتکب يا نہيں؟

5 جون 2018

خانہ جنگی کے شکار ملک شام ميں انسداد دہشت گردی کے ليے امريکا کی قيادت ميں عسکری اتحاد کی جانب سے کيے گئے حملوں ميں سينکڑوں شہريوں کی ہلاکت ہوئی۔ ايمنسٹی انٹرنيشنل نے ايسے حملوں کی جنگی جرائم کے تحت تحقيقات پر زور ديا ہے۔

https://p.dw.com/p/2ywPU
Syrien Alltag in Raqqa
تصویر: Getty Images/AFP/D. Souleiman

ايمنسٹی انٹرنيشنل نے الزام عائد کيا ہے کہ شام ميں دہشت گرد تنظيم ’اسلامک اسٹيٹ‘ کے گڑھ مانے جانے والے علاقے الرقعہ ميں مغربی ممالک کی عسکری کارروائيوں ميں سينکڑوں شہری ہلاک و ہزاروں ديگر زخمی ہوئے۔ انسانی حقوق پر نگاہ رکھنے والے اس ادارے نے الرقعہ پر امريکی عسکری اتحاد کی کارروائيوں کی آزاد تحقيقات پر زور ديا ہے تاکہ اس بات کا تعين کيا جا سکے کہ يہ کارروائياں ’جنگی جرائم‘ کے زمرے ميں آتی ہيں يا نہيں۔ ايمنسٹی نے يہ الزام اپنی ايک تازہ رپورٹ ميں عائد کيا ہے۔

الرقعہ کو اتحادی فورسز نے مقامی کرد مليشيا کی مدد سے اکتوبر سن 2017 ميں داعش کے قبضے سے آزاد کرا ليا تھا۔ اس سے قبل چھ جون تا بارہ اکتوبر الرقعہ پر سينکڑوں فضائی حملے کيے گئے تھے۔ ايمنسٹی انٹرنيشنل کے مشرقی وسطی کے ليے ماہر الياس سليبہ نے اس بارے ميں کہا، ’’امريکی قيادت ميں عسکری کوليشن کے حملوں ميں سينکڑوں سويلين ہلاک اور ہزاروں ديگر زخمی ہوئے۔‘‘ سليبہ نے رپورٹ کا حوالہ ديتے ہوئے مزيد کہا کہ کوليشن فورسز کے حملے اندھا دھند انداز ميں کيے گئے اور يوں وہ غير قانونی بھی تھے اور امکاناً جنگی جرائم کے زمرے ميں آتے ہيں۔

Karte Syrien al-Bab ENG

الياس سليبہ نے مزيد کہا، ’’شہريوں کی بھاری تعداد ميں ہلاکت اور شہر ميں تباہی کو مد نظر رکھتے ہوئے اس بات پر شکوک و شبہات اٹھتے ہيں کہ کوليشن فورسز نے اپنی کارروائيوں ميں شہريوں کی ہلاکت کو محدود رکھنے کی کوشش کی۔‘‘ ايمنسٹی کے اس اہلکار نے الزام عائد کيا کہ امريکی افواج نے گنجان آباد علاقوں ميں ايسے ہتھياروں کا استعمال کيا، جو ہدف تک پہنچنے کے معاملے ميں مکمل طور پر بھروسہ مند نہ تھے۔ ان کے بقول يہ عمل بين الاقوامی قوانين کی خلاف ورزی ہے۔

ايمنسٹی انٹرنيشنل نے الرقعہ ميں پچھلے سال چھ جون کو کيے گئے فوجی آپريشن کے ايک سال مکمل ہونے کے موقع پر اس سال ’War of annihilation‘ کے عنوان تلے ستر صفحات پر مشتمل رپورٹ جاری کی۔ ادارے نے داعش کے خلاف سرگرم عسکری اتحاد پر زور ديا ہے کہ وہ اس سلسلے ميں آزاد تحقيقات شروع کرائے اور متاثرين کے نقصانات کا ازالہ بھی کيا جائے۔

ع س / ع ت، نيوز ايجنسياں