شارک کا سوپ بلند سماجی مرتبے کی علامت
6 جون 2011ہانگ کانگ کے مخصوص اور شہرت کے حامل مہنگے ریستورانوں میں ڈنر کا آغاز نہایت پُر تکلف انداز میں پیش کیے جانے والے اسی سوپ سے ہوتا ہے۔ اس کی پیشکش جس قدر نفاست اور اہتمام سے کی جاتی ہے، اتنا ہی اس کا ذائقہ مہمانوں کو پسند آتا ہے۔ تاہم تحفظ ماحولیات کے لیے سرگرم کارکن اس کے سخت ناقد ہیں اور اُن کا ماننا ہے کہ یہ دنیا کی بدترین خوراک ہے۔
لیزا لاؤ ایک خاتون خانہ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شارک کے پر کا سوپ ذائقے کے ساتھ ساتھ غذائیت سے بھی بھرپور ہوتا ہے۔ وہ کہتی ہیں ’چینی ثقافت میں جب کوئی فیملی اپنے دوست احباب کے ساتھ باہر کھانا کھانے کا پروگرام بناتی ہے، تو اُس کی کوشش ہوتی ہے کہ نہایت نفیس اور ذائقہ دار کھانا کھایا جائے۔ وہ زیادہ تر شارک کے پر کا سوپ ہی آرڈر کرتی ہے‘۔
تاہم مغربی باشندوں کے مُنہ کے ذائقے کے اعتبار سے شارک مچھلی کے اس سوپ میں کوئی خاص بات نہیں ہوتی، اس میں چبانے والے ریشے پائے جاتے ہیں، جن کا اپنا ایک خاص ذائقہ ہوتا ہے، جو انہیں فضول لگتا ہے اور اسے مزیدار بنانے کے لیے اس کے ساتھ سرکے اور دیگر مختلف اقسام کے Sauces پیش کیے جاتے ہیں۔
چینی شہر کینٹن کے شہری سب سے زیادہ اس سوپ کو پسند کرتے ہیں۔ ان کے لیے شارک کے پر نما مخصوص عضو کے سوپ کے ذائقے کی اتنی اہمیت نہیں جتنی کہ اس کی تیاری میں بروئے کار لایا جانے والا فن طباخی اہم اور دلچسپ ہے۔
ٹام کیووک کنگ ہانگ کانگ کے ایک مشہور علاقے کولون میں قائم فونگ شنگ ریستوران کے مالک ہیں۔ وہ گزشتہ 50 برسوں سے اس تجارتی پیشے سے منسلک ہیں۔ ان کے ریستوراں میں آنے والے مہمان موقع پر ہی شارک کے پر کا تازہ سوپ آرڈر کر سکتے ہیں۔ ان کے ریستوران میں ہر ہفتے تقریباً 200 کلو گرام شارک کے پروں کا سوپ تیار کیا جاتا ہے۔ ایک فرد کے لیے پیش کیے جانے والے سوپ کے ایک پیالے میں قریب 30 گرام شارک کا پر شامل ہوتا ہے، جبکہ 12 افراد کے لیے تیار کیے جانے والے اس سوپ کے ایک پیالے کی قیمت 140 امریکی ڈالر ہوتی ہے۔ ریستوران کے مینیجر ٹام کیووک کنگ کے بقول کسی پارٹی کے موقع پر شارک کے پر کے سوپ کو مہمانوں کے آگے پیش نہ کرنا بد تہذیبی اور بے ادبی تصور کیا جاتا ہے۔ ایسا کرنے والا میزبان اپنی سبکی کراتا ہے۔ شارک نہایت گراں مچھلی ہے، اس لیے اس کے سوپ سے مہمانوں کی خاطر تواضح دراصل ایک طرح سے ثروت مندی کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
چینی روایتی طبی سائنس کے مطابق شارک مچھلی کے پر کا سوپ صحت کے لیے نہایت فائدہ مند ہے۔ یہ خاص طور پر ہڈیوں اور جوڑوں کو بہت تقویت بخشتا ہے۔
تحفظ ماحولیات کے لیے سرگرم کارکنوں کا کہنا ہے کہ شارک مچھلی کے پروں کو کاٹ کر ان کا سوپ بنانا نہایت ظالمانہ عمل ہے۔ ماہرین کے مطابق زندہ شارک کو پکڑ کر اس کے جسم کے اس مخصوص حصے کو کاٹ کر الگ کر لیا جاتا ہے اور اسے دوبارہ سمندر میں پھینک دیا دیا جاتا ہے۔ اس کے سبب شارک کی آبادی میں تیزی سے کمی واقع ہو رہی ہے۔ جبکہ ماحولیاتی نظام میں شارک مچھلیوں کا کردار غیر معمولی ہے۔
رپورٹ: کشور مصطفیٰ
ادارت: امجد علی