1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیکس کے لیے خدمات فراہم کرنے والی ویب سائٹ ہیک

امتیاز احمد21 جولائی 2015

’زندگی مختصر ہے، کوئی افیئر چلائیے‘ اس موٹو کے ساتھ مقبولیت حاصل کرنے والی ڈیٹنگ ویب سائٹ کو ہیک کر لیا گیا ہے اور بیویوں سے چھپ کر جنسی تعلقات قائم کرنے والوں کی عریاں تصویریں شائع کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1G2Bl
Screenshot ashleymadison.com Ashley Madison
تصویر: ashleymadison.com

شادی شدہ افراد کو جنسی تعلقات قائم کرنے میں سہولت فراہم کرنے والی ویب سائٹ ’ایشلے میڈیسن ڈاٹ کام‘ کو ہیک کرتے ہوئے اس کا کچھ ڈیٹا آن لائن پوسٹ کردیا گیا ہے۔ اس کمپنی کے لوگو میں ایک لڑکی نے اپنے ہونٹوں پر ہاتھ رکھا ہوا ہے، جس کا مطلب ہے ’ بے فکر رہیے یہ راز رہے گا‘ ۔ اس کے علاوہ اس ویب سائٹ پر یہ بھی لکھا ہوا ہے کہ شادی شدہ لوگوں کے لیے کسی دوسرے فرد سے جنسی تعلق قائم کرنا کبھی بھی اتنا آسان نہیں تھا جتنا اب ہے۔

ویب سائٹ پر درج سکیورٹی کے ان تمام تر دعوؤں کے برعکس ہیکرز نے کہا ہے کہ انہوں نے کمپنی کا تمام تر ڈیٹا چوری کر لیا ہے۔ اس میں اس کمپنی کا فائننشل ریکارڈ، دیگر پراپرٹی انفارمیشن اور سینتیس ملین صارفین کا ڈیٹا شامل ہے۔ چوری شدہ ڈیٹا ’دا امپیکٹ ٹیم‘ کے فرضی نام سے شائع کیا گیا ہے۔ ہیکرز نے ’ایشلے میڈیسن‘ نامی ویب سائٹ کو چلانے والے میڈیا گروپ (اے ایل ایم) پر اپنے صارفین سے جھوٹ بولنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ہیکرز کے مطابق کمپنی کے اسی جھوٹ کی وجہ سے چوری شدہ ڈیٹا کا کچھ حصہ شائع کیا گیا ہے۔ یہ کمپنی اپنے صارفین سے ان کا ڈیٹا ڈیلیٹ کرنے کے لیے 19 ڈالر فیس موصول کرتی تھی جبکہ ہیکرز کا کہنا ہے کہ کمپنی نے اپنے صارفین سے پیسے وصول کرنے کے باوجود یہ ڈیٹا کبھی ڈیلیٹ کیا ہی نہیں۔ تاہم اے ایل ایم میڈیا گروپ نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

اے ایل ایم میڈیا گروپ کے سربراہ نوئل بائیڈر مین نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی وہ یہ پتہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کس قدر ڈیٹا چوری کیا گیا ہے۔ بائیڈر مین کا کہنا تھا کہ یہ ایک جرم ہے اور وہ پولیس کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

’دا امپیکٹ ٹیم‘ کی طرف اس ویب سائٹ کی بندش کا مطالبہ کرتے ہوئے لکھا گیا ہے، ’’ صرف تھوڑی سی قیمت میں یہ میڈیا گروپ اپنی ویب سائٹ بند کر سکتا ہے لیکن اگر ایسا نہ کیا گیا تو اسے بہت زیادہ قیمت چکانا پڑے گی۔‘‘ ’دا امپیکٹ ٹیم‘ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر میڈیا گروپ نے ان کے مطالبات نہ مانے تو اس کے صارفین کی معلومات، ان کی عریاں تصویریں اور سیکس چیٹس کو آن لائن پبلش کر دیا جائے گا۔