1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سپاٹ فکسنگ سکینڈل، کھلاڑیوں کی طلبی

1 ستمبر 2010

’سپاٹ فکسنگ‘ میں مبینہ طور پر ملوث تین پاکستانی کھلاڑی سمرسیٹ کے خلاف کھیلے جانے والے وارم اپ میچ میں ممکنہ طور پر شریک نہیں ہو سکیں گے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یہ کھلاڑی شاید باقی ماندہ سیریزبھی نہ کھیل پائیں۔

https://p.dw.com/p/P1Kn
تصویر: ap

انگلینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے مینیجر یاور سعید کے مطابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ، محمد عامراور محمد آصف جمعرات کے دن لندن میں پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چئیرمین اعجاز بٹ اور وہاں متعین پاکستانی ہائی کمشنر واجد شمس الحسن سے خصوصی ملاقات کریں گے۔

اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ یہ ملاقات بدھ کے روز ہو گی تاہم ایک تازہ اعلان کے بعد، کہ یہ ملاقات جمعرات کو ہو گی، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ کھلاڑی ٹاؤئنٹن وارم اپ میچ میں شریک نہیں ہو سکیں گے کیونکہ یہ میچ جمعرات ہی کو کھیلا جائے گا۔

Pakistan Kricket Team in England
سلمان بٹ اور بولر عمر گلتصویر: ap

اس بات کی توقع کی جا رہی ہے کہ مبینہ طور پر جوئے بازی میں ملوث یہ کھلاڑی کچھ دن لندن میں ہی رہیں تاکہ میٹرو پولیٹن پولیس بھی اگر ان سے تحقیقات کرنا چاہے تو کر سکے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ کھلاڑی ہفتے کے دن سکواڈ کو جوائن کر سکیں گے۔ اس طرح پہلے ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی ان کھلاڑیوں کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے کیونکہ یہ میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ کھلاڑی باقی ماندہ سیریز میں شرکت کر سکیں گے یا نہیں۔ اطلاعات کے مطابق بین الاقوامی کرکٹ کونسل اور انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ یہ کھلاڑی سیریز کے کسی بھی میچ میں شریک نہ کئے جائیں۔ تاہم اعجاز بٹ نے کہا ہے کہ ان کھلاڑیوں کو معطل نہیں کیا جائےگا۔ یہ البتہ الگ بات ہے کہ انہیں ٹوئنٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ سیریز کے لئے پاکستانی سکواڈ میں شامل کیا جائے یا نہیں۔ اعجاز بٹ نے کہا ہے کہ ان کھلاڑیوں کی سلیکشن پاکستانی کرکٹ بورڈ کا اندرونی معاملہ ہے۔

Mohammad Amir
اٹھارہ سالہ محمد عامرتصویر: AP

دوسری طرف بین الاقوامی کرکٹ کونسل ICC کے سربراہ شرد پوار نے کہا ہے کہ فی الحال ان کھلاڑیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا سکتی کیونکہ ابھی تک تحقیقات جاری ہیں۔ تاہم ICC کے چیف ایگزیکٹو نے کہا ہے کہ کونسل کی ترجیح ہو گی کہ یہ کھلاڑی باقی ماندہ سیریز میں شامل نہ کئے جائیں۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ میں کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اصولی طور پر اس بات پر اتفاق کر چکا ہے کہ ان کھلاڑیوں کو باقی ماندہ سیریز میں شریک نہیں کیا جائے گا۔

سپاٹ فکسنگ یعنی جوئے بازی سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جمعرات دو ستمبر تک سامنے آ جائے گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں