سوشل میڈیا راؤنڈ اپ
27 جنوری 2017پاکستانی ٹیلی وژن چینل ’بول‘ پر پروگرام کرنے والے اینکر پرسن عامر لیاقت پر الزام ہے کہ انہوں نے پاکستان کی اہم شخصیات پر توہین مذہب اور ملک سے غداری کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ اسی ہفتے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ’بول‘ پر نشر ہونے والے عامر لیاقت اور ان کے پروگرام ’ایسے نہیں چلے گا‘ پر پابندی عائد کر دی تھی۔ ان پر پابندی عائد کرنے سے قبل سوشل میدیا پر کئی افراد نے عامر لیاقت کے ان پروگراموں پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پیمرا کی پابندی کے باوجود عامر لیاقت نے اپنا پروگرام پھر نشر کیا ہے۔ پیمرا کی جانب سے نیوز چینل بول کو شو کاز نوٹس بھجوایا گیا ہے اور سات روز میں ان سے اس بات کی وضاحت طلب کی گئی ہے کہ پیمرا کی پابندی کے باوجود عامر لیاقت کا شو کیوں آن ائیر کیا گیا۔
ڈی ڈبلیو کو ان رپورٹس پر کافی کامنٹس ملے جیسے کہ تمیز رحمان نے لکھا،’’کسی شخص کو ملک دشمن، اسلام دشمن یا کافر قرار دینا کسی ایک فرد کاکام نہیں ہونا چاہیے، اس کے لیے کسی عدالت میں کسی قانون کے تحت فیصلہ ہونا لازم ہے-‘‘
زاہد عباس نے لکھا،’’ کبھی کبھار پاکستانی اداروں سے آیا ،تازہ ھوا کا جھونکا اچھی امید دیتا ہے‘‘
اس ہفتے امریکا کے نئے صدر نے نیوز چینل اے بی سی کو انٹرویو دیا۔ اِس انٹرویو میں انہوں نے عندیہ دیا کہ پاکستانی اور افغان شہریوں کی انتہائی سخت چیکنگ کی جائے گی جو امریکا آنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ ان کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ چند مسلم ممالک کے شہریوں پر امریکا آنے پر پابندی عائد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس خبر کے بعد ایران کی اداکارہ ترانہ علی دوستی نے اعلان کیا ہے کے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانبدارانہ ویزا پالیسی کی وجہ سے وہ آسکر ایوارڈ کی تقریب کا بائیکاٹ کر یں گی۔ ترانہ علی دوستی نے فلم دی سیلزمین میں اہم کردار ادا کیا تھا اور یہ فلم آسکر ایوارڈ میں بہترین غیر ملکی زبان میں بنائی جانے والی فلم کے لیے نامزد ہوئی ہے۔
ایسی رپورٹس منظرعام پر آنے کے بعد کہ ڈونلد ٹرمپ امریکا میں مقیم مسلمانوں کی رجسٹریشن کروانا چاہتے ہیں بدھ کے روز ہزاروں افراد نے امریکا میں احتجاج کیا تھا۔ امریکا کی پہلی خاتون وزیر خارجہ میڈیلین آلبرائٹ نے بھی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا،'' میری پرورش بطور کیتھولک مسیح ہوئی ہے، میرا خاندان یہودی تھا، لیکن میں مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اپنے آپ کو بطور مسلمان رجسٹر کروانے کے لیے تیار ہوں۔‘‘
امریکی صدر کے حوالے سے ہی جو ایک اسٹوری بہت پڑھی گئی وہ میکسیکو کی سرحد ہر دیوار قائم کرنے کے حوالے سے ہے۔ میکسیکو کے صدر کی طرف سے امریکی دورہ منسوخ کرنے کے بعد ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے اس ملک سے درآمدات پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
اس اسٹوری پر ہمیں کئی کامنٹس ملے۔ شارون گل نے لکھا،’’ ایک عظیم صدر جو اپنی سرزمین اور اپنے لوگوں کے لیے پہلے سوچ رہا ہے جنھوں نے محنت سے یہ ملک کھڑا کیا۔‘‘ فیس بک کے ایک صارف اویس نے لکھا،’’ امریکہ یہ دیوار میکسیکو کے گرد نہیں ۔۔۔۔۔ خود اپنے گرد بنا رہا ہے‘‘